ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور میں الامین ایجوکیشنل سوسائٹی سے منسلک ادارہ غوثیہ پالی ٹیکنک کالج میں ایک رشوت خوری و دھوکہ دہی کا معاملہ سامنے آیا ہے، جس میں الامین ایجوکیشنل سوسائٹی کے سکریٹری سبحان شریف پر مبینہ طور پر کالج کے اساتذہ کو حکومت سے تنخواہیں دلوانے کی لالچ دیکر ان سے تقریباً ایک کروڑ روپے غبن کرنے کا الزام ہے۔ Corruption In Aameen And Ghousia Polytechnic College
اس سلسلے میں غوثیہ پالیٹیکنک کالج کے چیئرمین اور الامین ایجوکیشنل سوسائٹی کے رکن سراج احمد شریف نے ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ پولیس کی تحقیقات شروع ہوچکی ہے جب کہ ملزم سبحان شریف فرار ہے۔
![الامین ایجوکیشن سوسائٹی و غوثیہ پالی ٹیکنک کالج میں دھوکہ دہی کا ایک اور معاملہ](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/14214733_image1.jpg)
اس معاملے کے متعلق بات کرتے ہوئے سراج احمد شریف نے بتایا کہ سنہ 2013 میں سبحان شریف نے غوثیہ کالج کے تقریباً 78 اساتذہ کو لالچ دیا کہ انہیں حکومت سے تنخواہیں دلوائی جائے گی اور ان سے کم و بیش ایک کروڑ روپے لیے اور اب یہ اساتذہ اپنی رقم کھو چکے ہیں اور مشکل حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔
![الامین ایجوکیشن سوسائٹی و غوثیہ پالی ٹیکنک کالج میں دھوکہ دہی کا ایک اور معاملہ](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/14214733_image3.jpg)
سراج شریف نے بتایا کہ اساتذہ نے انہیں سنہ 2017 میں اس معاملے کے متعلق آگاہ کیا اور ان کی شکایت پر چند افسران پر مشتمل ایک کمیٹی نے اس معاملے کی انٹرنل انکوائری کی جسے ایک سال کا وقت لگا اور انکوائری رپورٹ سے یہ ثابت ہوا کہ سبحان شریف نے اساتذہ کے ساتھ دھوکہ دہی کرکے ان سے رشوت لی ہے۔
سراج احمد شریف نے بتایا کہ سبحان شریف نے نہ صرف غوثیہ پالی ٹیکنک کالج، الامین کالج بنگلور بلکہ رام نگر و ان سے منسلک دیگر اضلاع میں موجود اداروں کے اساتذہ سے بھی دھوکہ دیکر ان سے رشوت کے طور پر لاکھوں روپے لئے ہیں۔
![الامین ایجوکیشن سوسائٹی و غوثیہ پالی ٹیکنک کالج میں دھوکہ دہی کا ایک اور معاملہ](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/14214733_image2.jpg)
یاد رہے کہ گزشتہ سال الامین ایجوکیشنل سوسائٹی کے سیکرٹری سبحان شریف کی جانب سے کئے گئے یو جی سی ہاسٹل بدعنوانی معاملہ کو ای ٹی وی بھارت نے پردہ فاش کیا تھا، جس میں یو جی سی نے سبحان شریف کو 40 لاکھ روپے غبن کرنے کا خاطی پایا تھا اور اسے 40 لاکھ روپے کی رقم سود سمیت واپس کرنے کا حکم جاری کیا تھا اور یہ معاملہ ابھی بھی کرناٹک ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔
![الامین ایجوکیشن سوسائٹی و غوثیہ پالی ٹیکنک کالج میں دھوکہ دہی کا ایک اور معاملہ](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/14214733_image55.jpg)
اسی طرح الامین ایجوکیشنل سوسائٹی کے سیکرٹری سبحان شریف پر متعدد غبن کے کیسز درج ہیں اور مختلف کورٹس میں زیر سماعت ہے۔ سبحان شریف کے خلاف ایک اور بڑا غبن کا معاملہ ہے جس میں اس نے مبینہ طور پر مرکزی حکومت کی سیکھو اور کماؤ، نئی روشنی، استاد جیسی اسکیموں کا غلط استعمال کیا۔ اس معاملے کے شکایت کنندہ وزیر بیگ کے مطابق اقلیتی طبقات کے طلباء کے جھوٹے دستاویزات پیش کرکے تقریباً 18 کروڑ روپے غبن کئے ہیں، جسے ای ٹی وی بھارت نے منظر عام پر لایا تھا اور یہ معاملہ کرناٹک ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔
![الامین ایجوکیشن سوسائٹی و غوثیہ پالی ٹیکنک کالج میں دھوکہ دہی کا ایک اور معاملہ](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/14214733_image.jpg)