بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی معطل رہنما نپور شرما کے پیغمبر اسلام کے خلاف متنازع بیان پر ملک بھر میں حالیہ پرتشدد احتجاج پر سابق بھارتی کرکٹر عرفان پٹھان نے کہا کہ تشدد کسی اشتعال انگیزی کا جواب نہیں ہے۔ انھوں نے ٹویٹ کیا کہ"تشدد جواب نہیں ہے چاہے اشتعال انگیزی کچھ بھی ہو!"Irfan Pathan Tweet on Violence Protest
واضح رہے کہ جمعہ کے روز بعد نماز جمعہ پنجاب، دہلی، مہاراشٹر، گجرات، مغربی بنگال، جھارکھنڈ اور اتر پردیش سمیت مختلف ریاستوں میں بی جے پی کی معطل ترجمان نپور شرما اور نکالے گئے لیڈر نوین جندال کی طرف سے پیغمبر اسلام کے بارے میں متنازعہ ریمارکس پر احتجاج کیا گیا۔ کئی مقام پر احتجاج پرامن رہا تو کئی مقامات پر احتجاج پرتشدد ہوگیا، جس کی وجہ سے رانچی پولیس کی فائرنگ سے دو نوجوان کی موت بھی ہوگئی اور بہت سارے مظاہرین زخمی بھی ہوئے۔ قابل ذکر ہے کہ پیغمبر اسلام کے خلاف متنازعہ بیان پر عرب ممالک نے غم و غصے کا اظہار کیا تھا، جس کے بعد بی جے پی نے اپنے دونوں لیڈروں پر کاروائی بھی کی۔