سرینگر: جموں وکشمیر پولیس نے سرینگر میں مغربی بنگال کے شہری لوکیش کمار کو ایک پستول سمیت گرفتار کیا ہے۔ لوکیش نے ایک وی آئی پی کے گھر سے پستول چوری کیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مغربی بنگال کے علی پور دور علاقے کے رہنے والے لوکیش کمار کو سرینگر کے ریگل چوک سے گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لوکیش کمار نے یہ پستول ایک لائسنس ہولڈر کے گھر سے رات گئے چوری کیا تھا۔ تاہم پولیس نے اس کو رات کے دوران ہی ریگل چوک سے گرفتار کر لیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ ملزم نے یہ پستول سرینگر کے گپکار علاقے سے ایک وی آئی پی کے گھر سے چوری کیا تھا جہاں یہ گھریلو کام کر رہا تھا۔
گپکار روڑ ، سرینگر کا ایک پاش علاقہ ہے جہاں سابق وزرائے اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبدللہ اور عمر عبداللہ کی رہائش گاہیں ہیں جبکہ کئی سرکاری کوٹھیوں میں پولیس، انتطامیہ اور سراغ رساں اداروں کے اعلیٰ افسران رہتے ہیں۔ ان کوٹھیوں میں پہلے کابینہ وزراء بھی رہائش پزیر ہوتے تھے۔ اسی سڑک سے راج بھون اور پندرھویں کور کے ہیڈکوارٹر میں بھی جایا جاسکتا ہے۔ حکام نے اس بات کا خلاصہ نہیں کیا ہے کہ مزکورہ بنگالی شہری نے کس اہم شخصیت کے گھر سے یہ پستول چرائی تھی اور ہتھیار لیجانے کے بعد اس کا مقصد کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملزم لوکیش کمار نے دوران شب مذکورہ وی آئی پی کے گھر سے یہ پستول چوری کیا تھا تاہم پولیس کو دوران شب ہی اس کی اطلاع ملی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے شہر میں ناکہ بندی کی اور ریگل چوک کے پاس لوکیش کمار کو پستول سمیت گرفتار کیا ہے۔ لوکیش کمار کے خلاف پولیس نے سرینگر کے کوٹھی باغ تھانے میں 31/2023 ایف آئی آر درج کیا ہے۔ پولیس نے اس ضمن میں کہا کہ اس میں مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔