جموں وکشمیر کانگریس کے سربراہ غلام احمد میر نے کہا ہے کہ عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) انتخابات میں حصہ لے گا اور ان لوگوں کو شکست دینے کی کوشش کرے گا جو جموں و کشمیر میں زبردستی قوانین نافذ کر رہے ہیں۔
میر نے کہا 'آج فاروق صاحب (فاروق عبد اللہ) نے میٹنگ کو نشستوں کی تقسیم کو حتمی شکل دینے کے لئے بلایا اور بڑے پیمانے پر ہم مطمئن ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ اتحاد کے تمام فریقین ان لوگوں کو شکست دینے کی کوشش کریں گے جو جموں و کشمیر میں قوانین کو زبردستی نافذ کررہے ہیں اور ان پالیسیوں کو عوام پر مسلط کیا جا رہا ہے جو یہاں کے لوگوں کے حق میں نہیں ہیں۔'
میر نے مزید کہا 'احتجاج کے دیگر ذرائع اختیار کرنے کے بجائے، لوگوں کے لئے یہ اچھا موقع ہے کہ وہ بٹن دبائے اور صحیح امیدوار کا انتخاب کریں۔'
واضح رہے یہ اجلاس نیشنل کانفرنس کے رہنما فاروق عبد اللہ کی سری نگر میں رہائش گاہ پر منعقد کیا گیا تھا۔
نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی، پیپلز کانفرنس اور سی پی آئی (ایم) سمیت مرکزی دھارے میں شامل جماعتوں نے گذشتہ ماہ پی اے جی ڈی کی تشکیل دی تھی اور وہ مل کر ڈی ڈی سی انتخابات لڑ رہے ہیں۔
ڈی ڈی سی انتخابات جموں وکشمیر میں 28 نومبر سے 19 دسمبر کے درمیان آٹھ مراحل میں ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 22 دسمبر کو ہوگی۔