ترال: مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ کے سب ڈسٹرکٹ ترال سے تعلق رکھنے والی ماہرہ شاہ نے منڈالہ آرٹ میں سب سے چھوٹا شکارا آرٹ بنانے کا ریکارڈ قائم کیا ہے، جس کے بنا پر ماہرہ شاہ کو انٹرنیشنل بک آف ریکارڈز کی جانب سے گولڈ میڈل سے نوازا گیا ہے۔ ماہراہ شاہ کی اس کامیابی پر علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اس حوالے سے ماہرہ کے گھر میں آج جشن کا سماں ہے اور عزیز واقارب ماہرہ شاہ کو مبارکباد پیش کر رہے ہیں اور کم سنی میں اس مقام تک پہنچنے پر ان کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔اس موقع پر عزیز واقارب نے ماہرہ کو ہار پہنا کر اور کیک کاٹ کر انکی ہمت بڑھائی۔ اس موقع پر سوشل میڈیا پر اپنے جلوے بکھیرنے والے وارث راجا عرف فنی کشمیری بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ماہرہ شاہ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے منڈالہ آرٹ میں دنیا کا سب سے چھوٹا شکارا تیار کیا، جسکے بعد انہیں پہلے انڈین بک آف ریکارڈز اور اب انٹرنیشنل بک آف ریکارڈز میں جگہ ملی ہے، جس کے بعد اب انہیں انٹرنیشنل بک آف ریکارڈز کی جانب سے گولڈ میڈل سے نوازا گیا ہے، جو کہ پورے کشمیر کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ کشمیر کے آرٹ کو فروغ دینا چاہتی ہیں تاکہ پورے عالم میں اس فن کی دھوم ہو۔
مزید پڑھیں:Kashmiri Mandala Artist : کشمیر ی لڑکی کو انڈین بک آف ریکارڈز سے ملا گولڈ میڈل
ماہرہ شاہ کے مطابق اگرچہ ان کے فن کو عالمی سطح پر پزیرائی مل رہی ہے تاہم افسوس کا مقام ہے کہ ایل جی انتظامیہ سے لیکر ضلعی سطح کے آفیسرز نے اس کو حوصلہ افزائی نہیں کی جو کہ سرکاری دعووں کی قلعی کھولتی ہے۔