جموں:جموں وکشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی کا کہنا ہے کہ جن لوگوں نے وقف اراضی اور قبرستانوں پر قبضہ کیا ہوا ہے ان کے خلاف عنقریب سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہاں نہ صرف وقف زمین کو بلکہ قبرستانوں کی اراضی کو بھی بیچا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وقف بورڈ کو ویشنو دیوی وقف کے طرز پر استوار کیا جائے گا۔ان باتوں کا اظہار وقف چیئر پرسن نے ڈوڈہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ وقف اراضی پر تجاوزات کھڑی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
درخشاں اندرابی نے کہا کہ بڑی تعدد میں وقف اراضی اور قبرستانوں پر لوگوں نے قبضہ کر رکھا ہے جن کے خلاف بہت جلد کارروائی ہوگی ۔ان کامزید کہنا تھاکہ وقف جائیداد کو بچانا اولین ترجیحات میں شامل ہیں ، لوگوں نے مزارات اور قبرستانوں پر گھر بنائے ہیں ، اتنا ہی نہیں وقف اراضی اور قبرستانوں کو بھی فروخت کیا گیا جو ناقابل برداشت ہے۔ان کے مطابق وقف بورڈ کو ویشنو دیوی وقف کے طرز پر استوار کیا جائے گا۔ وقف بورڈ کی چیئر پرسن نے کہا کہ وقف جائیداد کو بچانا ترجیحات میں شامل ہیں اور اس حوالے سے زمینی سطح پر اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔درخشاں اندرابی نے سابقہ حکمرانوں پر الزام لگایا کہ انہوں نے وقف اراضی کو غیر قانونی طورپر فروخت کیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے گا ۔
بتادیں کہ وقف بورڈ نے پہلے ہی تاریخی ملہ کھاہ میں رہائش پذیر لوگوں کا سروے کیا جس دوران وہاں پر سکونت پذیر لوگوں کے کاغذات چیک کئے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وقف بورڈ تاریخی ملہ کھاہ کی عظمت رفتہ اور شان و شوکت بحال کرنے کی خاطر کوشاں ہے۔
(یو این آئی)