بڈگام: جموں و کشمیر پولیس نے عوامی تعلقات کو مضبوط بنانے کی اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے پولیس اسٹیشن بیروہ اور پولیس چوکی ہردہ، پنزو میں پولیس - پبلک میٹنگز منعقد کیں۔ پولیس اسٹیشن بیروہ میں میٹنگ کی صدارت ایس ایچ او پی ایس، بیروہ، انسپکٹر مدثر نصیر نے انجام دی جب کہ پولیس چوکی ہردہ پنزو میں انچارج پی پی ہردہ پنزو سب انسپکٹر اطہر نذیر نے صدارت کے فرائض سرانجام دیے۔ ان میٹنگز میں بالترتیب بیروہ ایریا اور ہردہ پنزو کے معززین، ائمہ مسجد اور مسجد کمیٹی کے سربراہان نے شرکت کی۔
پبلک پولیس ملاقاتوں کے دوران عوامی اہمیت کے حامل مختلف امور بشمول منشیات کے استعمال اور اس کی خرید و فروخت کی بدعت کو روکنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات زیر بحث آئے۔ چیئرنگ افسران نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ منشیات کے استعمال اور معاشرے پر اس سے ہونے والے مضر اثرات کے بارے میں آگاہی پھیلائیں۔ اس موقع پر شرکاء نے کچھ مسائل پولیس افسران کی نوٹس میں لائے جن پر انہیں یقین دلایا گیا کہ ’’جو بھی پولیس کے حد اختیار سے متعلق شکایات ہیں ان کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے گا۔‘‘
ان میٹنگز کے اختتام پر چیئرنگ افسران نے شرکاء سے درخواست کی کہ وہ منشیات کی بدعت اور سماج میں موجود دیگر جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ان علاقوں میں پر امن ماحول کو برقرار رکھا جا سکے۔ واضح رہے کہ بڈگام پولیس سویک ایکشن پروگرام اور پبلک آؤٹ ریچ پروگرامز کے تحت اکثر عوام کے بیچ جا کر ان سے بات چیت کے ذریعے ان کی مشکلات کا حل کرنے میں ان کی مدد کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: ترال میں پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد