بہار راجیہ پنچایت روزگار سیوک سنگھ اور اسٹیٹ ہاؤسنگ اسسٹنٹ ورکرز ایسوسی ایشن کی ضلع یونٹ نے مشترکہ طور پر ضلع گیا کے گاندھی میدان کے پاس واقع پانچ نمبر گیٹ پر یک روزہ دھرنا دیا۔
احتجاجی دھرنے کے دوران حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔ دھرنے میں شامل درجنوں اہلکاروں نے اپنے خطاب میں مطالبہ کیا ہے کہ ریاست میں برخاست ملازمین کو دوبارہ کام پر لایا جائے۔
ہڑتال میں شامل بہار ریاستی پنچایت روزگار سیوک سنگھ کے صدر کملیش کمار کمل نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ضلعی انتظامیہ کے ذریعہ برخاست کارکنان کو واپس بحالی پر لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسا نہیں ہوا تو آگے کی تحریک شدت کے ساتھ چلائی جائے گی۔
کملیش نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کے حکم پر ضلع میں امام گنج کے ملازم کو برخاست کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ویسے اہلکار جو 10 اور 12 سال سے کام کر رہے ہیں، انہیں برخاست کیا جارہا ہے۔ سوال یہ ہے کہ اب یہ لوگ کہاں جائیں گے ؟
انہوں نے کہا کہ غلطیاں نہ کرنے کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے متعدد جگہوں پر خدمت اہلکاروں کو مسلسل ملازمت سے برطرف کیا جارہا ہے۔ جبکہ سرکاری عہدیداروں کے حکم پر ہم دور دراز اور دیہی علاقوں میں بھی ایمانداری کے ساتھ اپنا فرض نبھاتے ہیں۔ اس کے باوجود انتظامیہ کے افسران ہمارے ساتھ مسلسل ناانصافی کررہے ہیں۔ اسی سلسلے میں دھرنے کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
ریاستی صدر نے کہا کہ دیہی رہائشی ہاوسنگ معاون کارکنان اپنی معاش کے حصول کے لیے لڑنے کے لیے تیار ہیں۔ اگر حکومت ہمارا مطالبہ پورا نہیں کرتی ہے تو ضلعی سطح پر ابھی دھرنا دیا ہے ۔ ریاستی سطح پر مزید احتجاج کیا جائے گا۔