کورونا کو لیکر ملکی سطح پرلاک ڈاون نافذ ہے ،ایسے میں حکومت کی طرف سے مزدوروں کوروزگار فراہم کرنے کے لئے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے کاموں کوشروع کردیاگیا ہے ۔
اسی طرح شہر گیا کے میونسپل کارپوریشن کی طرف سے نالے ونالیوں کی صفائی کی مہم جاری ہے ،بند نالوں کی بھی صفائی کی جارہی ہے ۔شہر میں اگلی بارش تک سبھی بڑے وچھوٹے نالے صاف ہونگے جسکے سبب آبی جماو کا مسئلہ نہیں پیش آئیگا ۔
لیکن جہاں نالوں کی صفائی کاکام تو ہوا لیکن کچروں کو سڑک کے کنارے ہی چھوڑ دیا گیا ہے ۔
اس مرتبہ نالوں کی صفائی میں ان مقامات پر دشواری نہیں ہوئی جہاں تجاوزات قائم ہیںاور اسکی وجہ لاک ڈاون ہے۔بھیڑ بھاڑ والے علاقے جہاں تجاوزات کے زیادہ معاملے ہیں وہاں لاک ڈاون کے سبب آسانی کے ساتھ کام ہوئے ہیں، حالانکہ کچھ مقامات پر دوکانوں کے سامنے اور پٹرول پمپس وغیرہ کے پاس سے ہوکر گزرنے والے نالے ونالیوں کی صفائی کے دوران کام میں روکاوٹ بھی پیداہوئی ۔
دوکانداروں اور پٹرول پمپس کے مالکان کی ناراضگی کاسامنا بھی صفائی ملازمین کو کرنا پڑا اسکی وجہ یہ کہ میونسپل کارپوریشن کی طرف سے دوکانوں کے سامنے نالوں کو صفائی کے لئے توڑ دیاگیا اور بعد میں اسکی مرمتی نہیں کی گئی ۔
صفائی کررہے مزدور جیون رام نے بتایا کہ انکے ساتھ چالیس مزدور کام کر رہے ہیں ،ایک مزدور کو یومیہ مزدوری 277روپئے ملتے ہیں
میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ساون کمار نے بتایا کہ شہر میں کل چھوٹے نالے 307 ہیں جس میں 202 کی صفائی کی جاچکی ہے اور 104میں ہونا باقی ہے ۔بڑے نالے جیسے منسروا نالا ، کجابی نالا ، باٹم نالا ، درگاباڑی نالا ، دھوبیا نالے وغیرہ کی صفائی کا کام ہورہاہے ۔
انہوں نے کہاکہ چونکہ لاک ڈاون ہے اور موقع بہتر ہے اسلئے برسات سے قبل ہی میونسپل کارپوریشن نے احتیاط کے طور پر نالوں کی صفائی کا کام کرلیا ہے ۔انڈر گراونڈ نالوں کی بھی صفائی کے لئے ٹینڈر جاری کیا گیا ہے ، ٹینڈر کے فائنل ہوتے ہی کام شروع ہوجائیگا اگر ٹینڈر کی کاروائی نہیں ہوپاتی ہے تو میونسپل کارپوریشن اپنی سطح سے کام شروع کردیگا ۔
نالوں کی صفائی کے لئے چیمبر کوتوڑے جانے کے بعد اسکی مرمت نہیں کرنے کے سوال پر کمشنر ساون کمار نے کہاکہ یہ بات صحیح ہے کہ نالوں کے چیمبرس کو توڑے جانے کے بعد مرمتی یاتو نہیں ہوتی ہے یاپھر تاخیر سے ہوتی ہے تاہم اس مرتبہ انہوں نے اس مسئلے کے حل کے لئے صفائی کے بعد لوہے کاچیمبر بنوانے کی ہدایت دی ہے تاکہ ہرسال اس پر اضافی اخراجات نہیں ہوں اور اس سے دوکانداروں کو بھی پریشانی پیش نہ آئے ۔
انہوں نے ضلع کے باشندوں کو بھروسہ دلاتے ہوئے کہا کہ اگلی بارش میں شہر میں آبی جماو کا مسئلہ نہیں ہوگا کیونکہ اس بار بہت پہلے سے تیاری کی جارہی ہے