سرینگر: ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے بانی غلام نبی آزاد نے بدھ کے روز کہا کہ جموں وکشمیر میں سٹیٹ ہڈ کی بحالی ناگزیر ہے.انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کا مقصد ریاستی درجے کی بحالی اور لوگوں کو مصیبتوں سے نجات دلانا ہے۔ان باتوں کا اظہار غلام نبی آزاد نے بارہمولہ میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کا مقصد جموں وکشمیر کے لوگوں کے مسائل حل کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ راجیہ سبھا میں جب جموں و کشمیر کو حاصل خصوصی اختیارات کو منسوخ کیا گیا تو بطور حزب اختلاف لیڈر سرکار کو سٹیٹ ہڈ کی بحالی کے لئے منوایا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ سٹیٹ ہڈ کی بحالی ناگزیر ہے اور اس حوالے سے پارٹی ہر سطح پر اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔
غلام نبی آزاد کا کہنا ہے کہ اگر ہماری پارٹی سرکار بناتی ہے تو سب سے پہلے اسمبلی میں قانون پاس کیا جائے گا کہ یہاں پر صرف مقامی لوگوں کو ہی سرکاری نوکریوں پر حق حاصل ہو۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو یہ یاد رکھنا چاہئے کہ جموں وکشمیر میں اسی فیصد اراضی جنگلات پر منحصر ہے اور باقی بیس فیصد پر ہی لوگ رہائش پذیر ہیں۔
ان کے مطابق ہماری پارٹی کا مقصد تعلیم یافتہ نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کرنا اور موجودہ سسٹم سے نجات دلانا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ ہمیں کسی کا ڈر اور خوف نہیں جس کو جو کرنا ہے کریں ہم جموں وکشمیر کے عوام کی بات کرتے رہیں گے۔
(یو این آئی)