گلمرگ: جہاں ایک جانب ’’کھیلو انڈیا‘‘ ونٹر گیمز کے دوران معروف سیاحتی مقام گلمرگ میں کھلاڑی مختلف کھیل مقابلوں میں حصہ لیکر اپنا اور اپنی ریاست کا نام روشن کرنے کی کوشش کر رہے ہیں وہیں نیشنل اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (این اے ڈی اے) بھی کھلاڑیوں میں ڈرگس کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی مہم چلا رہی ہے۔ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے این اے ڈی اے، ڈرگ کنٹرولر، دیپک شرما نے بتایا کہ ’’ہم پہلی بار کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں میں شریک ہوئے ہیں۔ ہمارا مقصد کھلاڑیوں کو آگاہ کرنا ہے کہ ڈوپنگ سے کیا ہو سکتا ہے۔ اُن سے وعدہ اور عہد بھی لیا جاتا ہے۔‘‘
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’’ہم کھلاڑیوں کو بتاتے ہیں کہ ہماری اور ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کی ویب سائٹ پر تمام اُن ادویات کی فہرست موجود ہے جن پر پابندی عائد ہے۔ کھلاڑیوں کو ان ویب سائٹس پر سے معلومات ڈاؤن لوڈ کرکے سبھی طرح کے ڈرگس، ادویات کے بارے میں خود کو با خبر رکھنے کی صلاح دی جاتی ہے۔‘‘ دیپک شرما نے کہا کہ وہ کھلاڑیوں سے کہتے کھیل کود کی سرگرمیوں کو پوری طرح صاف و شفاف رکھنے اور بین (پابندی عائد) کی گئی ادویات کا استعمال نہ کرنے کی تلقین کی جاتی ہے۔
دیپک شرما کا کہنا ہے کہ ’’کئی بار (کھلاڑیوں کا) طبی معائنہ یا علاج و معالجہ کے دوران ڈاکٹر کوئی ایسی دوائی تجویز کرتے ہیں جس کے اندر کسی اجزاء پر پابندی عائد ہے، اور ٹیسٹ کرنے کے بعد کھلاڑی ’ڈوپنگ پازیٹیوں‘ پائے جاتے ہیں، حالانکہ انہوں نے کوئی بھی ڈرگ استعمال نہیں کی ہوتی ہے۔‘‘ دیپک شرما کا کہنا ہے کہ وہ کھلاڑیوں کو جنک فوڈ وغیرہ سے بھی اجتناب کرنے کی صلاح دیتے ہیں۔ کھیل کے دوران بعض کھلاڑی اپنی طاقت (اسٹیمنا) بڑھانے اور تھکان محسوس نہ کرنے کی غرض سے ادویات کا استعمال کرتے ہیں جسے ڈوپنگ کہا جاتا ہے۔ عالمی سطح پر اس طرح کی ڈرگس کا استعمال ممنوع ہے۔ اور اسے دھوکہ دہی سے تعبیر کیا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں: Khelo India Winter Games کھیلو انڈیا ونٹر گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑیوں سے خصوصی بات چیت
این اے ڈی اے کی جانب سے امسال ’’کھیلو انڈیا‘‘ کھیل مقابلوں کے دوران مقابلے میں شریک کھلاڑیوں کو ڈوپنگ کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ڈوپنگ ٹیسٹ کے لیے ان کے نمونے بھی لیے گئے۔ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے دیپک شرما نے کہا کہ نمونے جمع کرتے وقت کھلاڑیوں نے کافی تعاون فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ نمونے جمع کرتے وقت بھی کھلاڑیوں کو آگاہی فراہم کی گئی۔ دیپک شرما کے مطابق کھلاڑیوں میں مزید آگاہی کی ضرورت ہے جس پر محکمہ کام کر رہا ہے۔