پہلگام: سیاحتی مقام پہلگام میں آگ کی ہولناک واردات میں خاکستر ہوئے ہوٹل سے معمر سیاح خاتون کی جلی ہوئی لاش برآمد کی گئی ہے۔ جس کی شناخت دہرادون کی رہنے والی 76 سالہ بھوپندر گل زوجہ دلبیندر سنگھ کے بطور ہوئی ہے۔ قانونی اور طبی لوازمات کے لئے لاش کو پبلک ہیلتھ سینٹر پہلگام منتقل کیا گیا ہے، جس کے بعد اسے لواحقین کے حوالے کر دیا جائے گا۔
متوفی معمر خاتون اپنے اہل خانہ کے ساتھ سیرو تفریح کے لئے یہاں آئی تھیں اور وہ پہلگام کے مینسن ہوٹل میں قیام پذیر تھے۔ ہوٹل میں آگ نمودار ہونے کے بعد 6 سیاح ہوٹل کے اندر پھنسے ہوئے تھے تاہم، پولیس، فائر اینڈ ایمرجنسی اہلکاروں اور مقامی لوگوں کی مدد سے انہیں بازیاب کیا گیا تاہم بھوپندر گل نامی معمر خاتون سیاح لاپتہ تھی۔ آگ پر قابو پانے کے بعد بھوپندر گل کی جلی ہوئی لاش کو برآمد کیا گیا۔
آگ کی اس واردات کے دوران آگ کو بجھانے کی کوشش کے دوران کئی مقامی افراد بھی زخمی ہوگئے، جن کو علاج و معالجہ کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا اور ان کی حالت بہتر ہونے کے بعد ہسپتال سے رخصت کیا گیا۔ واضح رہے کہ ضلع اننت ناگ کے معروف سیاحتی مقام پہلگام کے لاری پورہ میں پیر کی دوپہر ہوٹل مینسن میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔
یہ واردات اس وقت پیش آیا جب ہوٹل کی ایک منزل سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے فوری طور پر پورے ہوٹل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ جس وقت ہوٹل میں آگ نمودار ہوئی اس وقت ہوٹل میں سیاح موجود تھے، تاہم ہوٹل انتظامیہ مقامی لوگوں پولیس اور فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکاروں نے تمام سیاحوں کو بہ حفاظت باہر نکالا، تاہم آگ کی شدت کافی زیادہ تھی جو پورے ہوٹل میں پھیل گئی۔ فائر اینڈ ایمرجنسی سروز کے اہلکاروں سیت مقامی لوگ اور پولیس اہلکاروں نے آگ پر قابو پا لیا۔آگ کی وجوہات کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔