اننت ناگ: بالی ووڈ اسٹار جان ابراہم ان دنوں کشمیر کے روایتی لباس ’پھیرن‘ میں وادی کے شہراہ آفاق سیاحتی مقام پہلگام کے عیشمقام علاقے میں اپنی آنے والی فلم کی شوٹنگ کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ وادی کشمیر میں قیام کے دوران اداکار جموں کشمیر کی قدرتی خوبصورتی اور لوگوں کی گرمجوشی سے مہمان نوازی کو دیکھ کر کافی متاثر ہوئے۔ انہوں نے وادی کشمیر کی خوبصورتی کے تحفظ کے لیے مقامی باشندوں سمیت یہاں آنے والے مہمانوں، سیاحوں سے یکساں تلیقن کی۔
یہاں کے شاندار، دلکش اور خوبصورت مناظر کا تذکرہ کرتے ہوئے جان نے اس بات کا اعتراف کیا کہا کہ ’’میرا یہ تجربہ واقعی شاندار رہا ہے۔‘‘ جان ابراہم کا کہنا ہے کہ ’’کشمیر کی خوبصورتی کو لفظوں میں بیان کرنا مشکل ہے۔‘‘ جان کے مطابق ’’یہاں ہر طرف شاندار نظارے ہیں، جو کسی بھی شخص کو اپنی اور مائل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، تاہم ہمیں بھی اس قدرتی ورثہ کی حفاظت کرنی چاہئے۔‘‘
فلم شوٹنگ سے پرے جان ابراہم نے سیاحوں کو یہاں آنے اور قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہونے کی دعوت دی۔ انہوں نے وادی میں آنے والے سیاحوں پر زور دیا کہ وہ وادئے کشمیر کو محض شوٹنگ کرنے کی جگہ نہ سمجھیں بلکہ کشمیر کو اس کی صلاحیت سے بڑھ کر تلاش کریں۔ جان کا کہنا ہے کہ ’’میں چاہتا ہوں کہ لوگ نہ صرف شوٹنگ کے لیے بلکہ زندگی کے حسین لمحات گزارنے کے لیے بھی کشمیر کا رخ کریں۔‘‘
مزید پڑھیں: Shahrukh Khan in Kashmir شاہ رخ خان کی جھلک کے لیے سیاح بے تاب
جان ابراہم نے لوگوں خاص کر سیاحوں سے اپیل کرتے ہوئے وادی کی قدرتی خوبصورتی کے تحفظ کے لیے سیاحتی مقامات پر پلاسٹک یا پالی تھین کے استعمال سے گریز کرنے کی تلقین کی۔ دریں اثناء گزشتہ روز بالی ووڈ کے ایک اور معروف ادا کار شاہ رخ خان بھی ضلع ریاسی کے معروف مندر ماتا ویشنو دیوی آئے تھے۔