اننت ناگ: بھارت جوڑو یاترا آج کشمیر میں داخل ہوگی۔ جمعہ کی صبح بھارت جوڑو یاترا بانہال سے آگے کے لیے روانہ ہوئی۔ راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا نو یوگا ٹنل قاضی گنڈ کراس کرکے صبح 10 بجے کے بعد وادی کے اندر داخل ہوگی۔ بھارت جوڑو یاترا کے مد نظر جموں سرینگر قومی شاہراہ اور قصبہ اننت ناگ کے اندرون میں سکیورٹی کے سخت بندوبست کئے گئے ہیں۔ بھارت جوڑو یاترا کے مد نظر جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل محدود رکھی گئی ہے۔
بھارت جوڑو یاترا کے لیے ٹنل کا ایک ٹیوب مخصوص رکھا گیا ہے۔ ٹنل کے قریب راہل گاندھی کے استقبال کے لیے مداحوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔ ٹنل کو عبور کرنے کے بعد یاترا اننت ناگ کی طرف روانہ ہوگی، جہاں دوپہر 3 بجے کے قریب ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
بھارت جوڑو یاترا سے جڑے کانگریس کے سرکردہ رہنما پہلے ہی اننت ناگ پہنچ گئے ہیں، جن میں ممبر پارلیمنٹ جے رام رمیش، دگ وجے سنگھ، رجنی پاٹل اور جی اے میر شامل ہیں۔ یاترا کے انتظامات اور اسے کامیاب بنانے کے حوالے سے مذکورہ رہنماؤں نے اننت ناگ کے کھنہ بل میں ایک جائزہ میٹنگ بھی کی۔جے رام رمیش نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ملک کے دیگر حصوں کی طرح وادی میں بھی بھارت جوڑو یاترا کو لوگوں کا پوار تعاون حاصل ہوگا۔
واضح رہے کہ سرینگر میں بھارت جوڑو یاترا کا قافلہ 28 جنوری کو داخل ہوگا اور 29 جنوری کو راہل گاندھی مختلف وفود سے سرینگر میں ملاقات کریں گے۔ اور 30 جنوری کو پارٹی دفتر میں پرچم لہرائیں گے۔ 30 جنوری کو ہی راہل گاندھی سرینگر کے شیر کشمیر کرکٹ سٹیڈیم میں ایک بڑی ریلی سے خطاب کریں گے۔ راہل گاندھی کی یہ یاترا 7 ستمبر کو کنیا کماری سے شروع ہوئی اور سرینگر میں 30 جنوری کو اختتام ہوگی۔ اس یاترا کے دوران راہل گاندھی اور ان کے ساتھ چلنے والے کارکنان و لیڈران 4000 کلو میٹر کا سفر طے کریں گے'۔
مزید پڑھیں: