بنکاک: بھارت نے خطابی مقابلے میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے اتوار کو انڈونیشیا کو 3-0 سے شکست دے کر باوقار مردوں کا بیڈمنٹن ٹیم مقابلہ تھامس کپ پہلی بار جیت لیا۔ بھارت نے پہلے تینو ں میچ جیت کر تھامس کپ جیت لیا۔ لکشیا سین اور کدامبی سری کانت نے سنگلز میچ جیتا اور ستوک سائراج رینکیریڈی اور چراغ شیٹی نے ڈبلز میچ جیتا۔ بھارت نے جمعہ کو تاریخ رقم کی جب اس نے ڈنمارک کو 3-2 سے شکست دے کر پہلی بار تھامس کپ کے فائنل میں جگہ بنائی۔ بارتی ٹیم اس سے قبل 1952، 1955 اور 1979 میں سیمی فائنل میں پہنچی تھی۔
نوجوان شٹلر لکشیا سین نے پہلے میچ میں عالمی نمبر پانچ انتھونی گنٹنگ کو شکست دی۔ لکشیا نے گنٹنگ کے خلاف 8-21، 21-17، 21-16 سے جیت درج کی۔ یہ عالمی نمبر 5 شٹلر کے خلاف ان کی مسلسل دوسری جیت تھی۔20 سالہ ہندوستانی نے اس سال کے شروع میں جرمن اوپن راؤنڈ آف 16 میں گنٹنگ کو سیدھے گیمز میں 21-9، 21-9 سے شکست دی تھی۔گنٹنگ نے پہلا گیم 21-8 سے جیتا، جس کے بعد لکشیا نے دوسرا گیم 21-17 سے جیت کر 1-1 سے برابر کر دیا۔ فیصلہ کن میچ میںانڈونیشیا کے گنٹنگ نے ابتدائی لمحات میں 11-7 کی برتری حاصل کی، لیکن لکشیا نے لگاتار پانچ پوائنٹس کے ساتھ واپسی کرتے ہوئے گیم کو 12-12 پر لاکھڑا کیا۔ لکشیا نے میچ کے آخری لمحات میں گنٹنگ پر پوری طرح غلبہ حاصل کرلیا اور میچ 21-17 سے جیت لیا۔
بھارت کی بیڈمنٹن مینز ڈبلز جوڑی ستوک سائراج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی نے ڈبلز میچ میں محمد احسن اور کیون سنجے سوکامالوجو کی جوڑی کے خلاف جیت درج کر کے ہندوستان کی برتری 2-0 کر دی۔ ساتوک اور چراغ نے یہاں امپیکٹ ایرینا میں ایک گھنٹہ اور 13 منٹ کے سنسنی خیز مقابلے میں احسن اور سوکامالوجی پر 18-21، 23-21، 21-19 سے جیت درج کی۔ انڈونیشیا کے احسن اور سوکامالوجو نے ابتدائی گیم 17 منٹ میں 21-18 سے جیت لیا۔
دوسرے گیم میں بھارتی جوڑی نے کھیل کے وسط تک 11-6 کی برتری حاصل کی۔ وقفے کے بعد انڈونیشیا نے واپسی کی اور 14-18 سے آگے تھی، لیکن ہندوستان نے انہیں 23-21 سے شکست دی۔فیصلہ کن کھیل میں سخت مقابلہ ہوا اور دونوں ٹیمیں ایک موقع پر 16-16 سے برابر تھیں، لیکن بھارت نے منفرد کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ جیت کر انڈونیشیا پر 2-0 کی برتری حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: برج شرما نے ڈلیریس ویسٹ ریس جیت کر تاریخ رقم کی
یو این آئی