جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر کے ہوائی اڈے پر پیر کی شام کو گو فرسٹ (go first) کے ایک طیارے میں فرضی کال کے سبب پرواز کی اڑان میں کئی گھنٹوں کی تاخیر ہوئی۔ جس کے سبب مسافروں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ Hoax Bomb Call Halts Go First Flight at Srinagar. انسپکٹر جنرل آف پولیس وجے کمار کے مطابق "پرواز کو سرینگر سے دہلی روانہ ہونا تھا تاہم ایک فرضی کال آنے کی وجہ سے اڑان میں تاخیر ہوئی۔"
اُن کا مزید کہنا تھا کہ "ایک نجی ایئر لائن کمپنی کو کال مسئول ہوئی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ طیارے میں بم رکھا گیا ہے۔ جس کے پیش نظر تلاشی کی گئی لیکن کچھ نہیں ملا۔ کال دہلی سے کی گئی تھی اس سلسلہ میں مزید چھان بین جاری ہے۔"
مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے گو ایئر لائنز کے ایک عہدے دار نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ "G8 - 149 (A320-271 N) کو سرینگر سے دہلی آج شام سات بجے روانہ ہونا تھا لیکن ایک فرضی کال کی وجہ سے وقت پر اڑان ممکن نہیں ہو پائی۔ سکیورٹی فورسز کو اطلاع کی گئی جس کے بعد طیارہ کی پوری طرح تلاشی لی گئی لیکن کچھ نہیں مل سکا۔"
یہ بھی پڑھیں:
- سرینگر ایئرپورٹ سے پروازوں کا سلسلہ بحال
- سرینگر ہوائی اڈے سے بین الاقوامی پروازوں کا آغاز کرنے کی ضرورت: کے سی سی آئی
اُن کا مزید کہنا تھا کہ "تمام کارروائی مکمل ہونے کے بعد پرواز 9:35 بجے دہلی کے لیے روانہ ہوئی اور وہاں 10:42 بجے صحیح سلامت پہنچ گئی۔ جس کی وجہ سے مسافروں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کا ہمیں افسوس ہے۔" وہیں پولیس کا دعویٰ ہے کہ "فرضی کال کرنے والے کا جلد پتہ لگا کر اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ سرینگر ایک حساس علاقہ ہے اور ایسے میں اس طرح کی حرکتوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔