گلبرگہ: کرناٹکا اردو ساہتیہ پرشد شاخ گلبرگہ کی جانب سے دسویں جماعت کے امتحانات کی تیاری سے متعلق منعقد ایک پروگرام میں تنظیم کے صدر مبین احمد زخم نے طلبہ وطالبات کو امتحانات کی تیاری سے متعلق کتابچہ تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ اس کتابچہ کو ڈاکٹر مہر افروز دھارواڑ نے تیار کیا ہے جو خصوصاً اردو میڈیم دسویں جماعت کے طلبہ و طالبات کے لیے نہایت مفید ہے۔
وقف مشاورتی کمیٹی گلبرگہ کے نائب چیئرمین حیدر علی باغبان نے کہا کہ تاج نگر اردو میڈیم ہائی اسکول جو نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ اپنی نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے یہاں پر پوری غریب بستی ہے۔ اس بستی میں اردو زبان کے فروغ کے لیے آج سے 34 سال قبل ڈاکٹر قمر الاسلام نے علم کی شمع روشن کی تھی تاج نگر کا یہ اردو میڈیم ہائی اسکول جو آج ایک چاند کے مانند چمک رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
انہوں نے مزید کہا کہ تاج نگر اردو ہائی اسکول کے دسویں جماعت میں 50 سے زائد طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں۔ اس اسکول کو کامیابی سے چلانے میں کلے رواں چیریٹیبل ٹرسٹ گلبرگہ کی ذمہ دار کنیز فاطمہ صاحبہ اور جناب محمد یوسف صاحب سیکرٹری کلے رواں چیریٹیبل ٹرسٹ کی رہنمائی میں یہ اسکول کامیابی سے چل رہا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اسکول کے اساتذہ کی انتھک کوشش اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اردو زبان کے لیے اور علم کی فروغ کے لیے ان اساتذہ کی خدمت انمول ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے اس اسکول میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کے والدین و سرپرستوں کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنے بچوں کو مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے اردو میڈیم اسکول میں داخلہ دلوایا۔ انہوں نے کہا کہ بچہ اپنی مادی زبان میں بنیادی تعلیم حاصل کرتا ہے۔ وہ آگے چل کر اعلیٰ تعلیم حاصل کر پاتا ہے۔ صدر معلمہ محترمہ نادرہ بیگم نے کہا کہ ڈاکٹر قمر الاسلام صاحب کی تعلیمی خدمات اور دور اندیشی کا نتیجہ ہے کہ آج یہ اسکول ہائی اسکول کی سطح پر پہنچا ہے اللہ تبارک و تعالیٰ مرحوم قمر الاسلام صاحب کے درجات کو بلند فرمائے امین۔ اس موقع پر سید نعیم الدین، اسماء بیگم وشہباز بیگم وہ دیگر اساتذہ موجود تھے۔