علیگڑھ: ہندوستان میں خواتین میں تعلیم عام کرنے اور ان کو مرکزی دھارے میں شامل کرنے میں ویمنس کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس کالج کو پاپا میاں شیخ عبد اللہ اور ان کی اہلیہ اعلیٰ بی وحید جہاں نے ایک زنانہ اسکول کے طور پر قائم کیا تھا جو آج ایک تناور درخت کی شکل اختیار کرچکا ہے۔ یہ باتیں ویمنس کالج کی پرنسپل پروفیسر نعیمہ خاتون نے تقریب فاتحہ خوانی میں کہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاپامیاں اور اعلیٰ بی ایسی ہستیاں ہیں جنہوں نے لڑکیوں کی تعلیم اور ان کی ترقی کے لیے اپنی پوری زندگی وقف کردی۔ یہ کالج ان کی کمائی ہے، جس خلوص کے ساتھ انہوں نے زنانہ اسکول قائم کیا۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ آج یہ ویمنس کالج کی شکل میں ملک و قوم کی خدمت کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
AMU Women's College یوم بانیان کے موقع پر ویمنس کالج میں شیخ عبداللہ اور اعلیٰ بی کو یاد کیا گیا
انہوں نے کہا کہ وحید جہاں اور پاپا میاں نے سرسید احمد خاں کے مشن کو وسعت بخشی، کیونکہ ان کو معلوم تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ملک و قوم کی بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جائے، جس کے لیے انہوں نے بے انتہا محنت کی، ان دونوں ہستیوں کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، وہ ہمارے محسن ہیں جنہیں یاد کرنا ہمارا اخلاقی فریضہ ہے۔ پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہا کہ 2 فروری 1902 بروز اتوار شیخ عبد اللہ اور اعلیٰ بی رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔ اس لیے ان دونوں محسنین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک ایسے دن کا انتخاب کیا گیا جو ان کی زندگی میں کافی اہمیت کا حامل تھا۔
واضح رہے کہ یوم بانیان کے موقع پر متعدد تہذیبی و ثقافتی پروگراموں کا اہتمام کیا جاتا ہے، اسی طرح یہاں زیر تعلیم طالبات کو انعامات و اعزازات سے نوازا جاتا ہے۔ دفتری امور کی وجہ سے اس تقریب کو مؤخر کردیا گیا، جلد ہی اس کی تاریخ کا بھی اعلان کیا جائے گا۔ اس موقع پر محمد شارق نے تلاوت کلام پاک کی جب کہ شعبۂ دینیات کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد سہیل نے دعا کرائی۔ تقریب فاتحہ خوانی میں عبداللہ نرسری کے طلباء و طالبات کے ساتھ ویمنس کالج کے تدریسی و غیر تدریسی عملہ نے بھی شرکت کی۔