نئی دہلی: سپریم کورٹ نے بدھ کے روز عام آدمی پارٹی کے لیڈر اور دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا پر عائد ضمانت کی شرائط میں نرمی کردی جس کے تحت انہیں شراب پالیسی بدعنوانی کیس میں ہر پیر اور جمعرات کو تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہونا تھا۔ یہ معاملہ جسٹس بی آر گوائی اور جسٹس کے وی وشواناتھن پر مشتمل بنچ کے سامنے آیا۔ بنچ نے پچھلے حکم میں ترمیم کرتے ہوئے کہاکہ شرط ضروری نہیں ہے۔ تاہم بنچ نے واضح کیا کہ سسودیا کو ٹرائل کورٹ میں باقاعدگی سے حاضر ہونا چاہئے۔ سینئر وکیل اے ایم سنگھوی نے سپریم کورٹ میں سسودیا کی نمائندگی کی۔
سسودیا نے ضمانت کی شرائط میں نرمی کے لیے سپریم کورٹ کا رخ کیا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے 9 اگست 2024 کو سی بی آئی اور ای ڈی دونوں معاملوں میں سسودیا کو ضمانت دے دی تھی جب یہ نوٹ کیا گیا تھا کہ مقدمے کی سماعت میں تاخیر اور طویل قید نے آئین کے آرٹیکل 21 کے تحت ان کے آزادی کے حق کو متاثر کیا ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ سے قبل دہلی ہائی کورٹ نے سسودیا کی ضمانت کی عرضی پر غور کرنے سے انکار کردیا تھا۔
ضمانت کی شرط کے طور پر، سسودیا کو ہر پیر اور جمعرات کو صبح 10 سے 11 بجے کے درمیان تفتیشی افسر کے سامنے حاضر ہونے کو کہا گیا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے 22 نومبر کو سسودیا کی درخواستوں پر سماعت کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور سی بی آئی اور ای ڈی کو نوٹس جاری کرکے درخواستوں پر ان سے جواب طلب کیا۔ سماعت کے دوران سنگھوی نے کہا تھا کہ عام آدمی پارٹی کے لیڈر 60 بار تفتیشی افسران کے سامنے پیش ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عام آدمی پارٹی کے امیدواروں کی دوسری فہرست جاری، سسودیا اور راکھی کی سیٹ تبدیل کی گئی
دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ کو سی بی آئی اور ای ڈی دونوں نے مبینہ دہلی ایکسائز پالیسی اسکام سے منسلک بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے معاملات میں گرفتار کیا تھا۔ سسودیا کو سی بی آئی نے 26 فروری 2023 کو دہلی کی ایکسائز پالیسی 2021-22 کی تشکیل اور نفاذ میں مبینہ بے ضابطگیوں کے لیے گرفتار کیا تھا۔ اگلے مہینے، ای ڈی نے انہیں 9 مارچ 2023 کو سی بی آئی کی ایف آئی آر سے شروع ہونے والے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا۔ انہوں نے 28 فروری 2023 کو دہلی کابینہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔