بھاگلپور: ریاست بہار کے بھاگلپور پارلیمانی حلقہ کے لیے دوسرے مرحلے میں 26 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس کی تمام تر تیاریاں زور شور سے جاری ہے۔ عام انتخابات کے لیے پختہ انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ بھاگلپور کے ضلع مجسٹریٹ کم ضلع الیکشن افسر ڈاکٹر نول کشور چودھری نے کہا کہ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ چار اپریل 2024 ہے۔ اس کی نامزدگی پر نظر ثانی پانچ اپریل 2024 کو ہوگی۔ جب کہ اس کے لیے واپسی کی آخری تاریخ آٹھ اپریل 2024 کو ہوگی اور انتخاب 26 اپریل کو کرائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس عمل سے گزرنے کے بعد امیدوار پوسٹر پمپلیٹ ہینڈ بل اور اس کی نشر و اشاعت شروع کرسکیں گے۔ بھاگلپور پارلیمانی حلقہ میں 23 لاکھ 30 ہزار 678 ووٹرز کی تعداد ہے جن میں 12 لاکھ 7 ہزار 575 ووٹرز مرد ہیں جب کہ خواتین ووٹرز کی تعداد 11 لاکھ 22 ہزار 971 ہیں۔ لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بلا خوف اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں۔
یہ بھی پڑھیں: لوک سبھا انتخابات 2024 کے بعد آسام میں یو سی سی لاگو کیا جائے گا: ہمنتا بسوا شرما - UCC IMPLEMENTATION IN ASSAM
اس موقعے پر ایس ایس پی آنند کمار نے کہا کہ اگر کوئی کسی بھی علاقے یا محلے میں ووٹ نہ ڈالنے کے لئے دباؤ بناتا ہے، کوئی اشتہار چسپاں کرتا ہے یا ڈراتا دھمکاتا ہے تو ایسے افراد کی نشاندہی کر کے سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ووٹ کی طاقت کو پہچانیں اور اس کو دکھائیں بھی تاکہ نمائندوں کو بھی سمجھ میں آ سکے۔