مرادآباد:ملک کی دوسری ریاستوں کی اتر پردیش کے مرادآباد ضلع سمیت تمام اضلاع میں لوک سبھا انتخابات کو لے کر گہماگہمی زورون پر ہے۔جہاں ایک سیاسی جماعتوں کی جانب سے تشہیری مہم اور امیداروں کے پرچہ نامزدگی کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری طرف ووٹرز میں لوک سبھا انتخابات کو لے کر خاصی دلچسپی پائی جارہی ہے۔
مرادآباد پارلیمانی حلقہ سے بی جے پی نے سریش سنگھ کو امیدوار بنایا ہے جبکہ انڈیا اتحاد نے روچی ویرا کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔عرفان سیفی بہوجن سماج پارٹی کے امیدوار ہیں۔ای ٹی وی بھارت اردو نے مراد آباد میں کئی ووٹرز سے لوک سبھا انتخابات کو لے کر بات چیت کی۔ووٹرز نے کیمرے کے سامنے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ انتخابات میں انگنت ایشوز ہیں لیکن سب سے بڑا مسئلہ آئین کو بچانا ہے، اگر آئین کو بچانا ہے تو بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنا ہوگا۔ایک عام آدمی کو بی جے پی کی حکومت میں جتنی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔
انہوں نے کہاکہ اسمارٹ سٹی کے نام پر مرادآباد کو برباد کیا جا رہا ہے۔مراد آباد میں کوئی ترقی نہیں ہو رہی ہے۔ہر طرف کوڑا کرکٹ کا انبار ہے اور کئی جگہوں پر سڑکوں پر گڈھے ہیں، وہیں یوگی حکومت نے کہا تھا کہ اتر پردیش کو گڈھوں سے نجات دلایا جائے گا۔مگر اب تک اس سلسلے میں کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔واضح رہے کہ مرادآباد میں 19 اپریل کو ووٹنگ ہونی ہے۔ مرادآباد کے ووٹرز پوری طرح سے تیار ہیں۔