میرٹھ: اترپردیش کے میرٹھ میں عیدالفطر کے موقع پر عیدگاہ کے باہر نماز ادا کرنے کے الزام میں 200 نمازیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی جس کے خلاف آج شہر میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجیوں نے پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے کی گئی کاروائی پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مسلم علمائے کرام کے علاوہ سیاسی و سماجی رہنماؤں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ انہوں نے پولیس کی جانب سے نمازیوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی کاروائی کو غیر آئینی قرار دیا اور سخت الفاظ میں مذمت کی۔ احتجاجیوں نے پولیس کی جانب سے کی گئی کاروائی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
نمازیوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے شہر قاضی نے کہا کہ عید کی نماز اسلامی نقطہ نظر سے عیدگاہ میں ادا کی جاتی ہے اور اگر عید گاہ میں جگہ کم پڑجائے تو بہت کم وقت کےلئے عیدگاہ کے باہر کچھ لوگ نماز ادا کرتے ہیں اور ایسا سینکڑوں سالوں سے ہوتا آرہا ہے کچھ عرصہ سے مسلمانوں کو عبادات کرنے سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین نے ہمیں مذہبی آزادی دی ہے لیکن ریاستی حکومت کی جانب سے دستور کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نمازیوں کے خلاف کاروائی کی جارہی ہے۔
سپریم کورٹ کے معروف وکیل بھانو پرتاپ سنگھ نے ہا کہ حکومت کا دوہرا رویہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اگر مسلمان صرف چند منٹوں کےلئے سڑک پر نماز ادا کرتا ہے تو ان پر ایف آئی آر درج کی جاتی ہے لیکن کانوڑ یاترا کے دوران تقریباً ایک ہفتہ تک سڑکوں کو پوری طرح بند کردیا جاتا ہے اور پولیس کے اعلٰی افسران کے علاوہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے بھی کانوڑیو پر پھول برسائے جاتے ہیں، یہاں کوئی مقدمہ درج نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے ریاستی حکومت پر مذہب کے نام ایک خاص طبقہ کے لوگوں کو پریشان کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔ انڈین نیشنل لیگ کے رہنما و سابق وائس چانسلر اگنو بصیر احمد نے کہا کہ اگر مسلمانوں کے خلاف اس طرح کی غیرآئینی کاروائی کا سلسلہ جاری رہا تو اس کے خلاف بڑے پیمانہ پر احتجاج کیا جائے گا۔