ممبئی: اپوزیشن پارٹیوں کے مختلف رہنماوں نے الیکٹرول بانڈز کے معاملے پر بی جے پی پر سخت نکتہ چینی کی ہے۔ شیوسینا ادھو ٹھاکرے گروپ کے رہنما سنجے راوت نے الیکٹرول بانڈز کے معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت نکتہ چینی کی ہے۔ ممبئی میں سنجے راوت نے کہا ہے کہ’’مہاتما گاندھی فادر آف نیشن ہیں لیکن وزیراعظم نریندر مودی کرپشن کے باپ ہیں۔‘‘
سنجے راوت نے کہا کہ "تلنگانہ کے سابق وزیر اعلی کے سی آر کی بیٹی کویتا کو کل شراب گھوٹالے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ایک خاتون کو انتخابات کے موقع پر اس طرح سے گرفتار کیا گیا ہے۔ وہ سابق رکن پارلیمنٹ ہیں۔ کیا انکوائری مکمل ہو چکی ہے۔ کیا ان کی گرفتاری بہت ضروری ہے"۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہزاروں کروڑ کا الیکٹرول بانڈ گھوٹالہ سامنے آیا۔کرپشن کا کالا پیسہ،کاروبار کے بدلے چندہ، 150کروڑ کا ٹرن اوور کرنے والی کمپنی 300کروڑ کا فنڈ دیتی ہے۔ ای ڈی کی کاروائی سے بچنے کے لئے جوا کھیلنے والی کمپنیوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو چندہ دیا ہے۔ منی لانڈرنگ کا مقدمہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر، وزیر اعظم نریندر پر ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے انتخابی بانڈز کا ڈیٹا اپنی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیا
سنجے راوت نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے 2 وزیر جیل میں ہیں۔ کے کویتا آج جیل چلی گئیں۔ ہمارے لوگوں کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ بی جے پی کی حکومت کھونے کے بعد ان سب کی جانچ ہوگی۔ تو یہ بی جے پی کا آخری الیکشن ہے۔ اس کے علاوہ الیکٹرول بانڈ گھوٹالہ جس انداز میں سامنے آیا ہے۔ اس لیے ان کرپٹ لوگوں کی حکومت دوبارہ نہیں آئے گی۔