نئی دہلی: ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے ووٹرز سے بات کی جس میں لوگوں نے بتایا کہ شدید گرمی میں انہیں لمبی لمبی قطاروں میں کھڑا ہونا پڑا۔ کیونکہ ووٹنگ سینٹرز میں ووٹنگ کی رفتار کافی دھیمی رہی۔ وہیں ووٹنگ کرنے آئے ایک شخص کی موت ہو گئی۔ وہ کافی دیر سے لائن میں کھڑا تھا۔ اس دوران شدید گرمی سے اسے چکر آئے اور پھر وہ گر پڑا۔ اس کے بعد اسے لوک نائک جے پرکاش اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
اطلاعات کے مطابق مرنے والے شخص کا نام محمد عتیق ہے۔ ان کی عمر 65 برس تھی جو کہ کوچہ پنڈت کے رہنے والے تھے۔ محمد عتیق ووٹنگ کے لیے لائن میں کھڑے تھے، اسی دوران اچانک ان کی طبیعت بگڑی اور وہ وہیں گر پڑے۔
یہ بھی پڑھیں: دہلی کے شاہین باغ پولنگ مراکز پر ووٹرز کی بھیڑ
نمائندے سے بات کرتے ہوئے امیر احمد راجا نے بتایا کہ ای وی ایم مشین پر پہنچنے سے پہلے ہی ان کی طبیعت خراب ہو گئی۔ وہیں زمین پر گر گئے جس کے بعد ایمبولینس کا انتظار کیا لیکن جب ایمبولنس نہیں آئی تو انہیں بیٹری رکشا کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا جہاں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔ ووٹروں نے پولنگ مراکز کی اس صورت حال پر مختلف سوالات کھڑے کیے۔