گیا: ضلع گیا کے عازمین حج کی آج ٹیکہ کاری ہوئی۔ البتہ یہ وہ عازمین حج تھے جو گیا امبار کیشن پوائنٹ سے نہیں بلکہ دوسری ریاستوں کے امبار کیشن پوائنٹ سے جارہے ہیں۔ حالانکہ ان کی ٹیکہ کاری میں تاخیر کا بھی معاملہ ہے کیونکہ ملک سے پہلے مرحلے کی پرواز کا سلسلہ 9 مئی شروع ہے اور ٹیکہ کاری آج 7 مئی کو ہورہی ہے۔ ان میں بھی جو دوسری ریاستوں سے پرواز کریں گے اُن تمام کی ٹیکہ کاری نہیں ہوئی ہے بلکہ آئندہ تاریخ میں انکی ٹیکہ کاری ہوگی کیونکہ ان کی پرواز کی تاریخ 15 مئی کے بعد ہے۔ جبکہ بہار کے مختلف اضلاع میں ٹیکہ کاری ہو چکی ہے تاہم گیا ضلع جہاں امبار کیشن پوائنٹ ہے وہاں ٹیکہ کاری میں تاخیر کا معاملہ پیش آیا ہے۔
ضلع گیا کے وہ عازمین حج جنکو گیا ہوائی اڈہ سے پرواز کرنا ہے اُنہیں اب تک ٹیکہ نہیں لگایا گیاہے۔ جبکہ ضلع کو ٹیکہ کاری کے لیے ویکسن گزشتہ کئی دنوں پہلے ہی دستیاب ہوچکی ہے۔ باوجود کہ تاخیر کا معاملہ پیش ہے۔ اس حوالہ سے ایک عازمین حج محمد فضیل نے بتایا کہ انکی پرواز کولکاتا ایئرپورٹ سے ہے۔ حالانکہ ان کی فلائٹ کا شیڈول ابھی کنفرم نہیں ہوا ہے تاہم پھر بھی ٹیکہ کاری پہلے ہونی چاہئے تھی، اگر ایسا ہوتا تو عازمین حج اپنی دوسری تیاریوں میں مصروف ہوجاتے ، بہار حج بھون اور دیگر متعلقہ محکمے کی تساہلی کی وجہ کر بھی اب یہاں بہار سے لوگ فارم بھرنا نہیں چاہتے ہیں۔ ایک تو رقم بھی زیادہ لگتی ہے اور دوسرا یہ کہ لیٹ لطیفی ہے لیکن پھر بھی منتظمہ کے شکر گزار ہیں کہ آج انکا ویکسینیشن کرایا گیا ہے کیونکہ یہ انتہائی ضروری کام سفر حج پر روانہ ہونے سے پہلے کا ہے۔
اس حوالہ سے ضلع ٹیکہ کاری افسر راجیو کمار امبسٹھا نے کہا کہ ضلع محکمہ ہیلتھ کی طرف سے تاخیر نہیں ہوئی ہے۔ ويكسن انکے یہاں دستیاب تھی تاہم تاریخ اور جگہ متعین کرنے کی زمہ داری حج کمیٹی اور ضلع اقلیتی فلاح دفتر کو ہے اور اس وجہ سے کہ جب تک انکی جانب سے تاریخ متعین نہیں ہوگی ہم ' محکمہ صحت ' کچھ نہیں کرسکتا ہے ۔ ہمیں تو جہاں بلایا جائے گا وہاں جاکر ٹیکہ کاری کردیں گے۔ تاریخ آج کی بتائی گئی ہم آج ٹیکہ کاری کر رہے ہیں اور بقیہ لوگوں کے لئے آئندہ دن کی تاریخ اور جگہ متعین کی گئی ہے ہماری ٹیم وہاں پہنچ کر ویکسینیشن کرے گی۔ جبکہ اس حوالہ سے ضلع اقلیتی فلاح و نوڈل افسر حج راہل کمار نے کہا کہ جو دوسری ریاستوں سے جانے والے ہیں انکے لیے کچھ تاخیر ہوئی ہے لیکن آئندہ جو اٹھارہ مئی کو کیمپ کا انعقاد ہوگا اس میں کوئی تاخیر نہیں ہے کیونکہ اس میں ان عازمین حج کا ویکسینیشن ہوگا جنکی پرواز چھبیس مئی سے شروع ہونی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ وقت پر سبھی کام انجام دیے جائیں گے۔
کیمپ میں 17 کو لگا ہے ٹیکہ
گیا کے جے پرکاش نارائن ہسپتال میں ٹکاری کیمپ میں آ منگل کو کل 17 افراد کو ٹیکہ لگایا گیا ہے۔ حالانکہ پہلے سے 19 لوگوں کو ٹیکہ لگانے لگایا جانا تھا لیکن ان میں دو عازمین حج دلی میں ہیں اور ان کی پرواز بھی وہیں دلی سے ہونی ہے۔ انہوں نے دلی میں ہی ٹیکہ لگوایا ہے۔ اس وجہ سے یہاں کل 17 عازمین حج کی ٹکاری ہوئی جبکہ تین اور عازمین حج کی ٹیکہ کاری ان کی رہائش گاہ پر ہوئی ہے۔ اس طرح آج منگل کو کل 20 عازمین حج کی ٹیکہ کاری اب تک ہو چکی ہے۔ جبکہ بقیہ عازمین حج کی ٹکاری آئندہ 18 مئی کو ہونی ہے ضلع ٹیکہ کاری افسر نے بتایا کہ عازمین حج کو منجائٹس کی ویکسین لگائی جاتی ہے اور پولیو کی خوراک پلائی جاتی ہے جبکہ ایک ویکسین جو سیزنل انفلوئنزا کا ہے وہ ان عازمین حج کو لگایا جانا ہے جن کی عمر 60 سال سے زیادہ ہے اور وہ پہلے سے کڈنی، لیور کی بیماری اور دیگر بیماریوں میں مبتلا ہیں جبکہ منجائٹس کا ٹیکہ سبھی کو لگایا جانا ہے خواہ ان کی عمر کم یا زیادہ ہو۔
انہوں نے بتایا کہ جن کو ٹیکہ لگایا گیا ہے ان کو ساتھ میں ہیلتھ سرٹیفیکیٹ بھی دی گئی ہے، جو انتہائی ضروری سفر کے لیے ہے یہاں ٹیکہ لگائے جانے کے بعد قریب نصف گھنٹے تک عازمین حج کو روک کر رکھا جاتا ہے اور پھر جب وہ پوری طرح سے مطمئن ہو جاتے ہیں تب انہیں جانے کی اجازت دی جاتی ہے حالانکہ ٹیکہ کاری افسر نے بتایا کہ ان ویکسین کا کوئی سائیڈ ایفیکٹ نہیں ہے۔ معمولی طور پر کسی کو بخار آبھی سکتا ہے تو وہ پارہ سیٹامول کی ایک گولی کھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان سے یا کسی سرکاری ڈاکٹر سے عازمین حج براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں اور پریشانیوں اور سوالات کو پوچھ سکتے ہیں۔ واضح ہوکہ گیا ایئر پورٹ سے اس بار حج سفر 2024 کے لیے کل 1085 عازمین حج پرواز کریں گے۔ جبکہ 1700 کے قریب عازمین حج کولکاتا سے پرواز کریں بقیہ عازمین حج دلی اور بمبئی سے بھی پرواز کریں گے۔ گیا ضلع کے 38 ایسے عازمین حج ہیں جنہوں نے اپنا امبارکیشن پوائنٹ گیا نہیں بلکہ دوسرے امبارکیشن پوائنٹ کو منتخب کیا ہے۔