حیدرآباد : لوک سبھا حلقہ حیدرآباد سے کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے امیدوار اسدالدین اویسی نے یاقوت پورہ کے مختلف علاقوں میں انتخابی مہم چلائی۔ پیدل دورہ کے موقع پر بڑی تعداد میں مجلسی کارکن بھی شامل تھے۔ اسدالدین اویسی کے ہمراہ مقامی رکن اسمبلی جعفر حسین معراج اور یاقوت پورہ انچارج یاسر عرفات بھی موجود تھے۔ صدر مجلس نے پتھر گٹی ڈویژن اور مولا کا چھلہ علاقوں میں پیدل دورہ کرکے ووٹرز سے ملاقات کی اور پارٹی کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کرنے کی اپیل کی۔
وہیں حیدرآباد میں ووٹر سلپس کی تقسیم آج سے شروع ہوگئی ہے۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر رونالڈ روز نے حیدرآباد کے ایس آر نگر میں ریاستی چیف الکٹورل آفیسر وکاس راج کی رہائش گاہ پر پولنگ کی تاریخ کی نشاندہی کرنے والے اسٹیکر کے ساتھ ووٹر کی معلوماتی پرچی لگائی۔ اس موقع پر سی ای او نے کہا کہ ریاست میں لوک سبھا انتخابات کے لیے پولنگ اسٹیشنس میں تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ 13 مئی کو ہونے والی پولنگ میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں۔ خیریت آباد زونل کمشنر بی ہیمنت سہدیو بیگم پیٹ کے ڈپٹی کمشنر سامیا بھی اس موقع پر موجود تھے۔