بریلی: بدایوں دوہرے قتل کے اہم ملزم ساجد کے بھائی جاوید نے اترپردیش کے شہر بریلی میں پولیس کے سامنے خود سپردگی کی ہے۔ گذشتہ رات کو پولیس نے اس کو گرفتار کرلیا ہے۔ جاوید کا ایک ویڈیو بھی وائرل ہورہا ہے۔ وائرل ویڈیو میں جاوید خود کو بے قصور بتا رہے ہیں۔ تاہم اس سلسلے میں بریلی پولیس کا بیان ابھی تک نہیں آیا ہے۔
اس ویڈیو میں ایک شخص خود کو جاوید کہہ رہا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ ''گھر میں بہت بھیڑ تھی۔ میں سیدھا دہلی چلا گیا۔ وہاں سے بھاگ کر میں خودسپردگی کرنے بریلی آیا ہوں۔ میرے پاس بہت سے لوگوں کی ریکارڈنگ ہے جہاں سے انہیں فون آیا کہ آپ کے بھائی نے یہ واقعہ کیا ہے۔ بھائی میں بہت سادہ اور ایماندار آدمی ہوں۔ جس کا انکاؤنٹر ہوا وہ میرا بڑا بھائی تھا، میرا اس میں کوئی دخل نہیں تھا۔ میرا نام جاوید ہے اور میں بدایوں ضلع کا رہنے والا ہوں''۔
یہ بھی پڑھیں:
- بدایوں میں دو بچوں کا سفاکانہ قتل، علاقے میں کشیدگی
- بدایوں قتل معاملہ: اکھلیش یادو نے یوگی حکومت پرانتخابات سے قبل فرقہ وارانہ سازش رچنے کا لگایا الزام
واضح رہے کہ سول لائنز کے علاقے منڈی سمیتی چوکی میں دو بچوں کو بے دردی سے گلا کاٹ کر قتل کر دیا گیا تھا جبکہ ایک بچہ زخمی ہوا ہے جس کا علاج جاری ہے۔ اس واقعہ کے بعد ضلع میں کشیدگی پھیل گئی۔ آتشزدگی کے واقعات بھی پیش آئے۔ بعد ازاں پولیس نے انکاونٹر کے دوران ایک ملزم ساجد کو ہلاک کر دیا۔ جبکہ اس کا بھائی جاوید فرار تھا اور وہ بھی پولیس کی حراست میں ہے۔ پولیس نے جاوید کا پتہ بتانے والے شخص 25 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔