ممبئی:ممبئی شہر کے سابق نگراں وزیر و رکن اسمبلی اسلم شیخ نے آج ایوان کی توجہ ملاڈ-مالونی میں دو ہسپتالوں کی جانب سے مبذول کرانے کی کوشش کی ۔انہوں نے کہاکہ تعمیر مکمل ہونے کے باوجود ہسپتال شروع نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو ہو رہی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔عوام کو جن پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔اس کے لئے کون ذمہ دار ہے۔
اسلم شیخ نے ایوان میں کہا کہ کسی بھی ہسپتال کی تعمیر کے بعد اسے بند کرکے رکھنا بالکل غلط ہے۔اس ہسپتال کے لیے ضروری ڈاکٹروں، سرجنوں، نرسوں اور دیگر عملے کی تقرری کے عمل کو انجام دینا ضروری ہے۔ ملاڈ-ملوانی میں دونوں ہسپتالوں کی تعمیر مکمل ہونے کے باوجود وہاں طبی عاملہ کی بحالی نہیں ہوئی ہے۔ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی کمی کے باعث اسپتال کی خدمات شروع نہیں ہو سکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:حجاب کے بعد اب ممبئی کے کالج میں جینس ٹی شرٹ پر پابندی
اس دوران اسلم شیخ نے بوریولی کے ہیرالال بھگوتی اسپتال کی تعمیر میں ہو رہی تاخیر اور کام کے معیار کا مسئلہ بھی اٹھایا۔ شیخ نے مطالبہ کیا کہ ہیرالال بھگوتی ہسپتال کے کام کی بھی ویجیلنس ڈپارٹمنٹ سے تحقیقات کرائی جائے کیونکہ ٹھیکیدار کام کا ٹھیکہ حاصل کرنے کے لیے کم رقم کے ٹینڈر بھرتے ہیں جس کی وجہ سے کام کا معیار برقرار نہیں رہتا ہے۔