کوالالمپور: بھارت کی اسٹار شٹلر اور دو بار کی اولمپک چمپئن پی وی سندھو کو اتوار کو کوالالمپور میں کھیلے گئے ملائیشیا ماسٹرز کے فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سندھو ایک سال سے زیادہ وقفے کے بعد بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور پر فائنل کھیل رہی تھیں۔ لیکن وہ خواتین کے سنگلز زمرے کے فائنل میچ میں چینی حریف وانگ ژی یی کے خلاف 21 - 16، 5 - 21، 16 - 21 سے ہار گئیں۔
پی وی سندھو نے فائنل میچ کا آغاز اچھا کیا اور جارحانہ کھیل کے ذریعے پہلے سیٹ میں 21 - 16 سے جیت بھی درج کرلی۔ لیکن دوسرے سیٹ میں چینی کھلاڑی نے کھیل میں واپسی کی اور سندھو کو پوائنٹس حاصل کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا اور انھوں نے دوسرا سیٹ 5 - 21 کے بڑے مارجن سے جیت لیا۔
آخری اور فیصلہ کن سیٹ میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا، لیکن چینی کھلاڑی نے سندھو کو اس سیٹ میں بھی واپسی کا کوئی موقع نہیں دیا، وانگ ژی یی نے تیسرے سیٹ میں سندھو کو 16-21 سے شکست دے کر ملائیشیا ماسٹرز ویمنز سنگلز کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
واضح رہے کہ ملائیشیا ماسٹرز کا انعقاد کوالالمپور میں کیا جا رہا ہے۔ یہ بیڈمنٹن ورلڈ فیڈریشن (BWF) ورلڈ ٹور سپر 500 سطح کا ٹورنامنٹ ہے۔ پی وی سندھو 2013 اور 2016 میں دو بار یہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہیں۔
دوسرے پری کوارٹر فائنل میچ میں ٹریسا جولی اور گایتری گوپی چند کی بھارتی خواتین ڈبلز جوڑی بھی چائنیز تائپے کی یو چیان ہوئی اور سونگ شو یون سے 18-21، 22-20، 14-21 سے ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئیں۔