اننت ناگ: وادی کشمیر میں موسم میں بہتری آنے کے باوجود ضلع اننت ناگ کے سب ضلع بجبہاڑہ کے لوگ گزشتہ کئی دنوں سے غیر طے شدہ بجلی کٹوتی سے پریشان ہے۔ بجلی کی آنکھ مچولی نے صارفین کو مشکلات میں دھکیل دیا ہے، کیونکہ علاقے میں بجلی محکمہ اپنے ہی مشتہر شدہ شیڈول پر عمل درآمد کرنے میں ناکام نظر آرہا ہے۔
صارفین نے بتایا کہ ذرپارہ علاقے میں بجلی کی ابتر صورتحال عوام کے لیے پریشانی کا باعث بن گئی ہے، کیونکہ اس بار بجلی کی آنکھ مچولی تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ بجلی نے حال ہی میں علاقہ میں اسمارٹ میٹرس نصب کئے ہے، لیکن اسمارٹ میٹرس نصب کئے جانے کے بعد بھی بجلی کی آنکھ مچولی معمول بن چکا ہے۔
لوگوں کے مطابق علاقے کے لوگ بجلی فیس طے شدہ وقت پر ہی محکمہ کو دیتے ہیں لیکن اس سب کے باوجود صارفین کو معقول بجلی فرائم نہیں کی جارہی ہے۔
صارفین نے بتایا کہ بجبہاڑہ علاقے میں بجلی بحران ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتا ہی جا رہا ہے، حالانکہ بجلی محکمہ نے یہاں شیڈول تو مشتہر کیا ہے، لیکن افسوس کا مقام ہے کہ محکمہ اپنے ہی شیڈول پر عمل کرنے میں ناکام رہتا ہے جس سے عوامی سطح پر زبردست ناراضگی پائی جا رہی ہے۔
صارفین نے مزید بتایا کہ اگر محکمہ بجلی نے برقی رو میں معقولیت نہیں لائی تو بجبہاڑہ کے لوگ پُرامن طور سے احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری محکمہ پر عائد ہوگی۔
مزید پڑھیں: کشمیر میں سرما کا اختتام، لیکن بجلی کٹوتی میں مزید اضافہ
اس حوالے سے نمائندے نے جب یہ مسلہ فون پر اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر بلال احمد کی نوٹس میں لایا، تو انہوں نے کہا کہ ہم نے خود بھی اس مسئلے کا جائزہ لیا ہے جو کسی حد تک صحیح بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ معاملہ ایس ای کی نوٹس میں لایا ہے اور ہم کوشش کریں گے کہ جلد ہی اس مسئلہ کا حل نکل آئے تاکہ لوگوں کی مشکل کا ازالہ ممکن ہو سکے۔