سرینگر (جموں کشمیر) : سپر اسپیشلٹی اسپتال سرینگر کے شعبہ یورالوجی کے ڈاکٹروں نے وادی کشمیر میں پہلی مرتبہ 2 نوزائدوں کے گردوں سے 10 سینٹی میٹر اور 12سنٹی میٹر پتھری نکالنے کا کامیاب آپریشن انجام دیا۔ جن بچوں کی یہ کامیاب سرجری عمل میں لائی گئی ان کی عمر 7 ماہ اور 8 ماہ کی بتائی جا رہی ہے اور ان دونوں بچوں کے گردوں سے پتھری نکالنے کے لیے ’’ایکسٹرا کارپوریل شاک‘‘ عمل کا استعمال کیا گیا۔
اس موقع پر سپر اسپیشلیٹی اسپتال کے شعبہ یورالوجی کے سربراہ سید سجاد نذیر نے کہا کہ ’’یہ اپنی نوعیت کی پہلی سرجری کشمیر کے کسی اسپتال میں انجام دی گئی ہے، دو ہفتہ قبل یہ سرجری انجام دی گئی اور دونوں بچے اس وقت صحت یاب ہو رہے ہیں، اور خصوصی نگرانی میں ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی جراحی بڑی عمر کے لوگوں میں ہی انجام دی جاتی تھی اور صرف کچھ ہی گھنٹوں میں مریضوں کو گھر روانہ کیا جاتا تھا لیکن بچوں کو خصوصی نگرانی کے لیے ایک دن تک اسپتال میں جراحی کے بعد بھی خصوصی نگرانی میں رکھا گیا۔
ادھر، اسپتال کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ جہانگیر بخشی نے بتایا کہ انجام دی گئی ان سرجریز نے ہمیں بچوں کے امراض اور ان کو فراہم کی جا رہی طبی نگہداشت کو نئے معیار تک پہنچایا ہے۔ تاہم انہوں نے نومولود کے گردوں میں پتھری پر حیرانگی کا بھی اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: NMC Nod To MCh Urology : سپر سپیشلٹی اسپتال سرینگر میں ایم سی ایچ یورولاجی کو منظوری