پلوامہ: اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے کل کاغذات نامزدگی داخل کرنے کا آخری دن تھا۔ جب کئی امیدوا اپنے کاغذات نامزدگی داخل کر رہے تھے، اسی دوران پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس کے کارکنان کے درمیان ہنگامہ آرائی ہو گئی۔ پولیس نے مداخلت کرکے صورت حال کو معمول پر لایا۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ضلع پلوامہ کی چار نشستوں پر تقریباً 60 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کیے۔
گذشتہ روز نیشنل کانفرنس کے سابق ایم پی ریٹائرڈ جسٹس حسنین مسعودی، سابق ایم ایل اے غلام محیدالدین میر، محمد خلیل بند نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کیے۔
وہیں پی ڈی پی کے نامزد امیدوار وحیدالدین پرا، سابق ایم ایل اے ظہور احمد میر ، سابق ایم ایل اے سید بشیر نے بھی اپنے کاغذات نامزدگی داخل کیے، جب کہ عام آدمی پارٹی، عوامی اتحاد پارٹی، راشٹریہ لوک جن شکتی پارٹی، بی جے پی جموں و کشمیر اپنی پارٹی، ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے ساتھ ساتھ کئی آزادی امیدوار نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کیے۔
اس کے علاوہ جماعت اسلامی کے کئی ارکان بھی جموں اینڈ کشمیر جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ فرنٹ کے نام پر ان انتخابات میں حصہ لینے کے لیے سامنے آئے ہیں اور کئی ارکان نے کل پرچہ نامزدگی داخل کیے۔
یہ بھی پڑھیں: اننت ناگ ضلع کے سات اسمبلی حلقوں میں 72 امیدواروں کا پرچہ نامزدگی داخل