سرینگر (جموں کشمیر): صوبہ جموں کے سانبہ ضلع میں بدھ کو ایک ’’حادثاتی‘‘ گرینیڈ دھماکے میں ایک فوجی اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔ حکام نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ضلع سانبہ کے دیانی علاقے میں ایک کیمپ کے اندر حادثاتی طور گرینیڈ دھماکے میں ایک فوجی اہلکار اُس وقت شدید زخمی ہو گیا جب وہ تربیتی دستی بم کو سنبھال رہا تھا کہ گرینیڈ اچانک اس کے ہاتھ میں ہی پھٹ گیا۔
حکام نے بتایا کہ فوجی اہلکار کو فوری طور پر سانبہ کے ملٹری اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں اس وقت اس کا علاج و معالجہ کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ اس طرح کے واقعات جموں و کشمیر میں پہلی بار رونما نہیں ہوئے ہیں۔ حادثاتی گولی لگنے یا بم پھٹنے سے ہر سال کئی فوجی یا پولیس اہلکار ہلاک ہو جاتے ہیں جبکہ سرحدی علاقوں کے قریب گشت کے دوران لینڈ مائنز کی زد میں آنے سے بھی فوجی اہلکار اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے یا عمر بھر کے لئے اپاہج ہو جاتے ہیں۔
علاوہ ازیں خود کشی اور برادر کشی کے واقعات میں بھی ہر سال فوجی، نیم فوجی اور جموں کشمیر پولیس کے درجنوں اہلکار اپنی جانوں میں ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں جو تشویش کا باعث ہے۔ ماہرین کی جانب سے سیکورٹی فورسز کی ہلاکتوں کو کم سے کم کرنے کے لیے کئی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈوڈہ انکاؤنٹر میں دو عسکریت پسند ہلاک، پولیس اہلکار زخمی - MILITANTS KILLED IN DODA