منڈی: جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ تحصیل منڈی میں سبکدوش پولیس افسران کی جانب سے ریٹاٹرڈ پولیس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر اجبر ملک کی صدارت میں ایک اہم میٹنگ انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس میں نائب صدر شبیر احمد سمیت دیگر سبکدوش پولیس افسران نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران سبکدوش پولیس آفسران اور ان کے اہل خانہ کو درپیش مختلف مسائل پر اہم گفتگو شنید ہوئی۔
میٹنگ کے دوران سبکدوش پولیس افسران نے حکومت کی توجہ ان مسائل کی جانب مبذول کروائی جو ان کے اہل خانہ خصوصاً شہید پولیس افسران کے بچوں کو درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ SRO 429 کا معاملہ ہوم ڈپارٹمنٹ میں زیر التواء ہے۔ لیکن تاحال اس کے حل کے لیے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے گئے ہیں، جس کی وجہ سے شہید پولیس افسران کے اہل خانہ اور بالخصوص بچے شدید مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔
سبکدوش افسران نے مزید کہا کہ ان کا 18 ماہ کا بقایا جات کا "ڈی اے" ایریئر ابھی تک واگزار نہیں کیا گیا ہے جس سے انہیں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قلیل پنشن اور بچوں کی بے روزگاری کے باعث روزمرہ کی ضروریات پوری کرنا ان کے لیے شدید مشکل ہوگیا ہے۔ سبکدوش پولیس افسران نے کہا کہ جس طرح لداخ میں سبکدوش پولیس افسران کا میڈیکل الاونس 300 سے بڑھا کر 1000 روپے کیا گیا ہے، اسی طرح جموں و کشمیر میں بھی میڈیکل الاونس کو 300 روپے سے بڑھا کر 1000 روپے کیا جائے تاکہ علاج و معالجہ میں آسانی ہو۔
یہ بھی پڑھیں: منڈی میں راجپورہ کے مقام پر سڑک کی خستہ حالت مقامی لوگوں میں شدید غم و غصہ
انہوں نے جموں اور سرینگر میں سبکدوش افسران کے لیے رہائشی کوارٹرز فراہم کرنے کی درخواست بھی کی تاکہ وہاں جانے والے افسران کو رہائش میں مشکلات نہ پیش آئیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے زیر تعلیم بچوں کے لیے اسکالر شپ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ ان کی تعلیم متاثر نہ ہو۔ سبکدوش پولیس افسران نے محکمہ پولیس کے اعلیٰ حکام اور وزیراعلیٰ جموں و کشمیر سے اپیل کی کہ ان تمام تر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ میٹنگ کے اختتام پر سبکدوش پولیس افسران نے اپنی جائز مشکلات کے حل کے لیے موثر اور فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔