سرینگر (جموں کشمیر) : نیشنل کانفرنس (این سی) کے سینئر رہنما اور رکن پارلیمان آغا سید روح اللہ مہدی کا کہنا ہے کہ پارٹی کی جانب سے دفعہ 370 کی بحالی کا وعدہ این سی کی اٹونامی کے حصول کی خاطر پہلا قدم ہے۔ ہفتہ کے روز آغا روح اللہ نے پارٹی ہیڈکوارٹر، سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’چونکہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے اپنے منشور میں واضح کیا ہے کہ وہ کشمیر کا حل چاہتی ہے لیکن ایسا بیان دینے کے بعد وہ راہ فرار اختیار نہیں کر سکتے۔ جبکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پی ڈی پی کے پاس کوئی مناسب روڈ میپ نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’این سی کے پاس اس سلسلے میں ایک مناسب روڈ میپ ہے اور وہ خود مختاری کی مناسب بحالی چاہتی ہے۔‘‘
آغا روح اللہ نے مزید کہا کہ ’’کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے اور اسے بھارت اور پاکستان کے درمیان مناسب بات چیت کے ذریعے ہی حل کرنے کی ضرورت ہے اور جموں و کشمیر کے لوگوں کا خیال ہے کہ یہاں کے حالات کو مستقل طور پر حل کرنے کے لیے مناسب بات چیت کی ضرورت ہے۔‘‘
دریں اثناء، انہوں نے سروس سلیکشن بورڈ سے اپیل کی ہے کہ وہ امیدوروں کو الاٹ کیے گئے مراکز کا جائزہ لیں تاکہ امتحانات میں شامل ہونے والے امیدواروں کوکسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ روح اللہ نے کہا کہ ایک ضلع کے امیدواروں کے امتحانی مراکز دوسرے ضلع میں رکھے گئے ہیں وہیں کشمیر کےکئی امیدواروں کے مراکز جموں صوبے میں رکھے گئے ہیں۔ ایسے میں امیدواروں کو امتحانی مراکز تک پہنچنے اور قیام و طعام میں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور ان کا قیمتی وقت بھی ضائع ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 'دفعہ 370 کی بحالی کے نام پر لوگوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے'