پلوامہ
جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں انسداد منشیات کے عالمی دن کے موقع پر لوگوں کو منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کرنے اور منشیات سے دور رہنے کی ترغیب دینے کی غرض سے اسکولی بچوں نے ریلی کا اہتمام کیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر، پلوامہ، ڈاکٹر بشارت قیوم نے ڈی سی آفس کمپلیکس سے ریلی کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ ریلی قصبہ پلوامہ میں اختتام پزیر ہوئی۔
ریلی میں اسکولی بچوں، جموں و کشمیر پولیس اہلکاروں، محکمہ سماجی بہبود کے افسران اور ملازمین نے شرکت کی۔ بعد ازاں بائز ڈگری کالج پلوامہ میں بھی ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس ایس پی پلوامہ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ بچوں نے اس موقع پر رنگا رنگ تمدنی پروگرامز پیش کئے جن کے ذریعے عوام کو منشیات سے دور رہنے کی تلقین کی گئی۔
ڈی سی پلوامہ ڈاکٹر بشارت قیوم نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ نے ضلع میں منشیات کے بڑھتے رجحان پر قابو پانے کے لیے مستعدی سے کام کر رہی ہے اور ضلع پلوامہ کے مختلف علاقوں میں مسلسل آگاہی پروگرامز منعقد کیے جا رہے ہیں، تاکہ لوگوں کو منشیات کے استعمال اور اس کے منفی اثرات سے آگاہ کیا جا سکے۔ ادھر، سے ایس ایس پی، پلوامہ، پی ڈی نتیا نے کہا کہ ’’پلوامہ پولیس ضلع میں منشیات پر قابو پانے کے لیے مسلسل چھاپے مار رہی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ضلع پولیس معاشرے کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔‘‘
شوپیاں
منشیات کی بدعت اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف منائے جا رہے عالمی دن کے موقع پر، آج جنوبی کشمیر شوپیاں ضلع میں کیمسٹ اینڈ ڈرگست ایسوسی ایشن اور جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے منشیات مخالف ریلی برآمد کی گئی۔ یہ ریلی ضلع اسپتال شوپیاں سے شروع ہوکر قصبہ کی مختلف سڑکوں سے گزری، جس دوران شرکاء نے منشیات کے مضر اثرات سے متعلق نعرے بازی کی۔ ریلی میں کیمسٹ اینڈ ڈرگست ایسوسی ایشن شوپیان کے ممبران، متعدد سماجی کارکنان سمیت مقامی باشندوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔
ریلی میں شریک لوگوں نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر منشیات کے خلاف شعور بیدار کرنے والے پیغامات درج تھے۔ اس موقع پر کیمسٹ اینڈ ڈرگست ایسوسی ایشن کے صدر غلام نبی بٹ نے کہا: ’’منشیات کی بدعت نے ہماری نسل کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ ہمیں اس برائی کے خلاف متحد ہو کر کام کرنا ہوگا تاکہ ہمارے نوجوانوں کو ایک بہتر مستقبل فراہم کیا جاسکے۔‘‘
بڈگام
وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے بیروہ علاقے میں منشیات کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف اسکولوں کے طلباء اور اساتذہ، سول سوسائٹیز کے نمائندوں، سماجی کارکنوں اور پولیس اہلکاروں نے شرکت کی۔ یہ ریلی ٹاؤن ہال بیروہ سے شروع ہو کر نئے بس اسٹینڈ پر اختتام ہوئی۔ اس موقع پر سماجی کارکنان نے منشیات کی بدعت اور اس کے مضر اثرات پر روشنی ڈالی۔
یہ بھی پڑھیں: کولگام پولیس نے کیا منشیات فروش کا مکان قرق - Drug Peddler Property Attached