سرینگر: پیپلز کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر سجاد لون نے آج دعوے کیا کہ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے حالیہ دنوں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے فاروق عبداللہ کے کرکٹ گھوٹالے میں معافی مانگی ہے۔ سجاد غنی لون نے کہا کہ عمر عبداللہ دس روز قبل امت شاہ سے ملے اور فاروق عبداللہ کے کرکٹ گھوٹالے کے معاملے میں ان سے معافی مانگ لی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ فاروق عبداللہ نے بھی امت شاہ سے ملاقات کی ہے اور پھر ان سے میڈیا کو انٹرویو میں مرکزی سرکار کی تعریف کروائی ہے۔
سجاد لون کا اشارہ جموں کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے کروڑوں روپیے کے گھوٹالے میں ملوث فاروق عبداللہ کی طرف تھا، جس میں ان کے خلاف سنٹرل بیرویو آف انویسٹی گیشن نے جموں کشمیر عدالت عالیہ میں چارج شیٹ بھی درج کیا ہے۔ سجاد لون آنے والے انتخابات میں بارہمولہ-کپواڑہ سے عمر عبداللہ کے مقابلے کھڑے ہوئے ہیں اور ان کے مابین آئے روز سیاسی بیانات میں ایک دوسرے کے خلاف الزامات عائد کر رہے ہیں۔
عمر عبداللہ نے گزشتہ دنوں کہا کہ سجاد لون بی جے پی کا بی ٹیم ہے اور گزشتہ ہفتے ہی انہوں بی جے پی کے جنرل سیکرٹری ترن چگھ کے ساتھ ملاقات کی، جس میں الطاف بخاری بھی شامل تھے۔
مزید پڑھیں:کرکٹ گھوٹالہ، فاروق عبداللہ کے خلاف چارج شیٹ دائر
سجاد لون نے کہا کہ وہ آنے والے دنوں میں پریس کانفرنس کریں گے، جس میں وہ نیشنل کانفرنس اور بی جے پی کی الائنس کا پردہ فاش کریں گے۔ سجاد لون نے کہا کہ پیپلز کانفرنس کے بانی غنی لون اور وہ خود نیشنل کانفرنس کے مظلوم رہ چکے ہیں اور کشمیری عوام بھی ان کا شکار رہ چکی ہے۔