سری نگر: مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر کی گرمائی دار الحکومت سرینگر میں آج اتوار کے روز نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے اعلان کیا کہ ان کی پارٹی 20 اگست کو پہلے مرحلے کے لیے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے فوراً بعد جموں و کشمیر میں ہونے والے انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق عمر عبد اللہ نے سری نگر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جہاں بی جے پی کو نمبروں کا جنون ہے، نیشنل کانفرنس انتخابی جنگ کے لیے تیار ہو رہی ہے۔ عمر عبد اللہ نے کہا کہ "بی جے پی ہمیشہ سیٹوں کی گنتی کرتی ہے، لیکن ہم اس جنون میں شریک نہیں ہیں"۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیشنل کانفرنس 20 اگست کو انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد اپنے امیدواروں کا اعلان کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ "صرف دو دن پہلے اعلان ہوا تھا، اور جیسے ہی نوٹیفکیشن آئے گا، ہم کامیابی کی امید کے ساتھ اپنے امیدوار میدان میں اتاریں گے"۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا بی جے پی انتخابات جیتنے کے اپنے امکانات کے بارے میں حد سے زیادہ پراعتماد تھی، عمر عبداللہ نے اپنی تاریخ کی طرف اشارہ کیا، اور کہا کہ بی جے پی ہمیشہ سے زیادہ پراعتماد رہی ہے۔ بی جے پی نے پچھلے عام انتخابات کے دوران اب کی بار 400 پار کا نعرہ دیا تھا، لیکن رفتار 240 پر رک گئی۔ بہتر ہے کہ وہ اس بار ایسے حد سے زیادہ اعتماد سے گریز کریں۔ عمر عبد اللہ نے یہ بھی کہا کہ نمبر گیمز میں ملوث ہونے کے بجائے اسٹریٹجک تیاری کرنا زیادہ ضروری ہے۔