سرینگر: سیاحت میں اضافے کے پیش نظر جموں و کشمیر انتظامیہ نے نئے پانچ ستارہ ہوٹلوں کے لیے اراضی کی نشاندہی کرنے کے لیے ضلعی سطح کی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ ان کمیٹیوں کی قیادت متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کریں گے۔ یہ اقدام جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (جی اے ڈی) کی جانب سے جاردہ کردہ حکم نامہ نمبر 1116-جے اینڈ کے جی اے ڈی، مورخہ 30 مئی 2024 میں کیا گیا ہے۔ حکمنامہ کے مطابق مرکز کے زیرانتظام علاقہ میں پانچ ستارہ ہوٹلوں کی تعمیر کے لیے موزوں زمین کی نشاندہی کرنے کے لیے ضلعی سطح کی کمیٹیوں کے قیام کی منظوری دی جاتی ہے۔
حکم نامے کے مطابق کمیٹیوں میں ڈپٹی کمشنرز کو بطور چیئرپرسن شامل کیا جائے گا، ان کے ساتھ ڈائریکٹر ٹورازم، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر، چیف ٹاؤن پلانر، چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ڈسٹرکٹ انڈسٹریز سینٹر کے جنرل منیجر بطور ممبر شامل ہوں گے۔ آرڈر میں کہا گیا کہ ’ان کمیٹیوں کی ذمہ داریوں میں ہوٹل کی ترقی کے لیے ممکنہ اور فزیبلٹی کے علاوہ ریاستی زمین، جنگلاتی زمین اور نجی زمین کی نشاندہی کرنا شامل ہیں۔ کمیٹیاں کشمیر اور جموں کے ڈویژنل کمشنروں کے ذریعے محکمہ سیاحت کو اپنی تجاویز پیش کریں گی۔ انہیں سیاحتی مقامات کی قربت اور شناخت شدہ مقامات کے لیے سڑک کے رابطے کی تجویز بھی دینی ہوگی۔
محکمے ٹورزم کے افسر نے بتایا کہ ’جنوب مشرقی ایشیا کے غیرملکی مہمانوں کی ایک قابل ذکر تعداد سمیت 20 ملین سے زیادہ سیاحوں کی میزبانی کی توقع کے ساتھ، معیاری انفراسٹرکچر ضروری ہے‘۔ انہوں نے انتظامیہ کی جانب سے زمین کی نشاندہی کے لیے کمیٹیاں بنانے کے اقدام کا خیرمقدم کیا۔ افسر نے خطے میں 5 اسٹار ہوٹلوں کی موجودہ کمی کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہاکہ ’غیر ملکی مہمانوں، کاروباری مسافروں اور معیاری گھریلو سیاحوں کےلئے بہتر انتظامات کےلئے 5 اسٹار رہائش میں اضافہ ضروری ہے جس سے سیاحت کے شعبے کو نمایاں طور پر فروغ دیا جائے گا‘۔