سرینگر (جموں و کشمیر): موسمیاتی حالات کی وجہ سے ہوا میں شدید ہچکولوں کے سبب دہلی سے سرینگر آنے والی انڈیگو پرواز میں سوار مسافروں کو اذیت ناک اور خوفناک لمحوں سے گزرنا پڑا۔ یہ واقعہ دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سرینگر کے سفر کے دوران انڈیگو کی پرواز نمبر IndiGo 6E6125، کو پیر کی شام پیش آیا اور طیارے میں سوار مسافر خوف و دہشت کے مارے اپنی سیٹوں پر سہم گئے۔ اس فلائٹ نے دہلی سے پیر کی شام 5 بج کر 25 منٹ پر اڑان بھری تھی۔
معلوم ہوا ہے کہ دہلی سے پرواز بھرنے کے بعد موسمی خرابی کی وجہ سے طیارہ نے شدید ہچکولے کھائے اور اس کی بنیادی وجہ شدید بارش بتائی گئی۔ شدید موسمی تبدیلی کے سبب پرواز میں سوار مسافر خوف و دہشت کے مارے سہم گئے۔ اس واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی گردش کر رہی ہے، جس میں پریشان اور ڈرے ہوئے مسافر اپنی سیٹوں کے ساتھ مضبوطی سے پکڑے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ ہچکولے کافی دیر تک جاری رہے، جس سے جہاز کے کیبن کے اندر ایک کشیدہ ماحول بنا رہا۔
مزید پڑھیں: IndiGo Flight Enters Pak Airspace انڈیگو کی پرواز خراب موسم کے باعث پاکستان کی فضائی حدود میں داخل
اس واقعے پر انڈیگو نے ایک آفیشل بیان بھی جاری کیا ہے۔ ایئر لائن نے تصدیق کی ہے سرینگر آ رہے اس طیارے میں شدید موسمی حالات کے سبب مسافروں کو ہچکولوں کے سبب پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ بیان میں کہا گیا ہے، ’’انڈیگو پرواز 6E6125 کو دہلی سے سرینگر کے راستے میں شدید ہچکولوں کا سامنا کرنا پڑا۔ عملے نے تمام آپریشنل پروٹوکولز کی پیروی کی اور پرواز نے سرینگر میں محفوظ طریقے سے لینڈنگ کی۔‘‘