اننت ناگ (جموں کشمیر) : انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) کشمیر زون، وی کے بردی نے پہلگام کے نونہ وَن بیس کیمپ میں ایک مشترکہ سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں پولیس افسران، فوج، سی اے پی ایف، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، ایم آر ٹی، بیس کیمپ ڈائریکٹرز، ٹریفک، فائر سروسز اور انٹیلی جنس ایجنسیز سمیت متعدد اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔
آئی جی پی کشمیر نے تمام سیکورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ امرناتھ یاترا کو پر امن طریقے سے انجام دینے اور یاتریوں کی حفاظت کو ممکن بنانے کے لیے آپسی تال میل سے کام کریں۔ اجتماعی کوششوں اور باہمی اشتراک پر زور دیتے ہوئے وی کے بردی نے کسی بھی ممکنہ خطرے کو روکنے، اور درپش چیلنجوں سے نمٹنے کی تلقین کی تاکہ یاتریوں کی ہر ممکن ضرورت اور حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
میٹنگ کے دوران آئی جی پی کشمیر نے موجودہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور یاتریوں، سیاحوں اور مقامی لوگوں کے لیے ایک محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ میٹنگ کے دوران شرپسندوں، امن دشمنوں اور عسکریت پسندوں کا مقابلہ کرنے اور پہلگام کے حدود میں امن و امان کو برقرار رکھنے کی حکمت عملیوں پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔
میٹنگ میں جی او سی، وکٹر فورس، بلبیر سنگھ نے بھی شرکت کی۔ علاوہ ازیں آئی جی سی آر پی ایف، جی کے ورما، پی وائی او ڈی آئی جی سوجیت کمار، ڈی آئی جی ایس کے آر جاوید متو، ڈی آئی جی سی آر پی ایف شری دیسوال؛ ایس ایس پی اننت ناگ، ڈاکٹر جی وی سندیپ چکرورتی اور ایس ایس پی کولگام سمیت سی آر پی ایف، آئی ٹی بی پی، بی ایس ایف کے کمانڈنٹس نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔ انہوں نے امرناتھ یاترا کے دوران یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے عزم پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں: جموں سے 2484 یاتریوں کا ایک اور دستہ امرناتھ گپھا کے لیے روانہ - Amarnath Yatra 2024