پلوامہ (جموں کشمیر) : جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں دھان کے کھیتوں میں بیکٹریل بلائٹ(Bacterial Blight) نامی بیماری نے کسانوں کی نیند حرام کر دی ہے۔ امیرآباد، آری گام، چھتروگام، گامراج، گترو اور دیگر کئی دیہات میں اس بیماری نے وسیع اراضی کو اپنی زد میں لے لیا ہے جس نے کسانوں کو پریشانیوں میں مبتلا کر دیا ہے۔
ای ٹی وی بھارت کی جانب سے اس ضمن میں خبر نشر کرنے کے بعد آج محکمہ زراعت کی ٹیموں نے کئی متاثر ہ دیہات کا دورہ کیا اور وہاں صورتحال کا جائزہ لیا اور کسانوں کو موقع پر ہی ایڈوائزری جاری کی ہے۔ چھتروگام کے کسانوں نے بتایا کہ وہ روایتی بیج بوتے تھے تو اس قسم کی بیماریاں نہیں لگتی تھیں لیکن اب کی بار زراعت محکمہ نے انہیں بیج فراہم کیے ہیں اور اب انہیں سمجھ نہیں آ رہا کہ کیا کریں؟
ادھر، محکمہ زراعت کے ایک آفیسر شکیل احمد شاہ نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ موسمی تبدیلی کے ساتھ ساتھ کسانوں کی جانب سے زیادہ مقدار میں کھا دیں ڈالنے کی وجہ سے یہ بیماری پھیل گئی ہے اور کسانوں کو جراثیم کش ادویات چھڑکنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انکے محکمہ نے متاثرہ علاقوں میں ٹیمیں بھیج دی ہیں اور وہ محکمہ ریسرچ سینیٹر ’’کے وی کے کے‘‘ ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ کسانوں کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔ کسانوں نے محکمہ کی جانب سے ٹیم روانہ کیے جانے کا خیرمقدم کیا ہے تاہم انہوں نے محکمہ کے افسران سے فوری اقدامات اٹھائے جانے کی اپیل کی ہے تاکہ کسانوں کو پریشانیوں سے نجات مل سکے۔
یہ بھی پڑھیں: ترال میں دھان کے کھیتوں میں بیماری لگنے سے کسان پریشان - Tral Farmers