نئی دہلی: دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے جموں و کشمیر میں ٹیرر فنڈنگ کے ملزم ایم پی رشید انجینئر کی باقاعدہ ضمانت کی درخواست پر فیصلہ ملتوی کر دیا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج چندر جیت سنگھ نے فیصلہ 5 اکتوبر کو سنانے کا حکم دیا۔ 10 ستمبر کو اپنے حکم میں عدالت نے جموں و کشمیر میں انتخابی مہم میں حصہ لینے کے لئے رشید انجینئر کو 2 اکتوبر تک عبوری ضمانت دی ہے۔
عدالت نے 27 اگست کو باقاعدہ ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ عدالت نے 21 اگست کو قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کو نوٹس جاری کیا تھا۔ آپ کو بتا دیں کہ عدالت نے 5 جولائی کو رشید انجینئر کو لوک سبھا رکن کے طور پر حلف لینے کے لیے دو گھنٹے کے لیے حراستی پیرول پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔
عمر عبداللہ کو شکست دی تھی:
رشید انجینئر نے لوک سبھا انتخابات 2024 میں جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو تقریباً ایک لاکھ ووٹوں سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی۔ رشید فی الحال دہلی کی تہاڑ جیل میں بند ہیں۔ رشید انجینئر کو این آئی اے نے 2016 میں گرفتار کیا تھا۔
16 مارچ 2022 کو عدالت نے رشید کے خلاف الزامات طے کیے:
پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے 16 مارچ 2022 کو حافظ سعید، سید صلاح الدین، یاسین ملک، شبیر شاہ اور مسرت عالم، رشید انجینئر، ظہور احمد وٹالی اور بٹہ کے خلاف فرد جرم عائد کئے تھے۔
1993 میں کل جماعتی حریت کانفرنس کا قیام:
این آئی اے کا کہنا ہے کہ لشکر طیبہ، حزب المجاہدین، جے کے ایل ایف اور جیش محمد جیسی تنظیموں نے پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی آئی ایس آئی کی مدد سے شہریوں اور سیکورٹی فورسز پر حملے کئے۔ 1993 میں آل پارٹی حریت کانفرنس کا قیام علیحدگی پسند سرگرمیوں کو انجام دینے کے لیے کیا گیا۔