سرینگر: سنٹرل بیورو آف کمیونیکیشن، وزارت اطلاعات و نشریات، حکومت ہند، فیلڈ آفس اننت ناگ کی جانب سے مختلف سرکاری اسکیموں پر دو روزہ انٹیگریٹڈ کمیونیکیشن اینڈ آؤٹ ریچ پروگرام آج ضلع پلوامہ کے گورنمنٹ ڈگری کالج میں اختتام پذیر ہوا۔
مشن لائف، پوشن ابھیان، سوچھتا ہی سیوا، نئے فوجداری قوانین اور مختلف دیگر سرکاری اسکیموں کے ارد گرد تھیم پر مبنی اس پروگرام کا مقصد پائیدار ترقی، صفائی ستھرائی، قومی یکجہتی، متوازن غذائیت کی اہمیت اور اس کے بارے میں بیداری پیدا کرنا تھا۔
دو روزہ پروگرام کے دوران، انٹیگریٹڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ سروسز، صحت، تعلیم، زراعت، باغبانی، جنگلی حیات، جنگلات، سماجی اور شہری ترقی کے محکموں کے ریسورس پرسنز نے پائیدار ترقی، حفظان صحت، متوازن غذائیت، پائیدار زراعت جیسے موضوعات پر گفتگو کی۔ مقررین نے مختلف سرکاری اسکیموں اور اقدامات کے بارے میں بھی تفصیلی جانکاری فراہم کی اور شرکاء کو ان اقدامات سے فائدہ اٹھانے کا مشورہ دیا گیا۔
اس سلسلے میں نصیر احمد راتھر فیلڈ پبلسٹی آفیسر سی بی سی سرینگر نے کہا کہ فیلڈ آؤٹ ریچ کے لیے وزارت اطلاعات و نشریات کے ایک نوڈل ڈپارٹمنٹ کے طور پر، سی بی سی مرکزی حکومتی اسکیموں اور پالیسیوں کے بارے میں معلومات پھیلانے کے لیے جموں و کشمیر کے مرکزی علاقے میں اس طرح کے آؤٹ ریچ پروگراموں کا اہتمام کرتا ہے۔ دونوں دن شرکاء کے لیے تھیم پر مبنی اوپن کوئز، پینٹنگ اور ڈرائنگ کے مقابلے منعقد کیے گئے، جنہیں بعد ازاں یادگاری اور اسناد سے نوازا گیا۔
مختلف محکموں کی جانب سے مختلف اقدامات اور ان کی جانب سے لوگوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کی ایک وسیع رینج کی نمائش کے لیے اسٹالز بھی لگائے گئے تھے۔