اننت ناگ (جموں کشمیر) : ’’بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے پاس کہنے کو اب کچھ باقی نہیں رہا۔ وہ اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے اور اپنے جھوٹے وعدوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔بی جے پی بس ہندو مسلم سیاسی کارڈ کھیل رہی ہے، مذہبی منافرت پھیلا رہی ہے۔‘‘ ان باتوں کا اظہار پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر اور جموں کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اننت ناگ میں پی ڈی پی ورکرز کونشن کے حاشیہ پر میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔
این سی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح پی ڈی پی بھی ووٹ بٹورنے کے لیے کنونشن اور ریلیز کا اہتمام کر رہی ہے۔ منگل کو جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں پی ڈی پی کی جانب سے ورکرز کنونشن کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں پارٹی صدر اور اننت ناگ - راجوری پارلیمانی نشست کی امیدوار محبوبہ مفتی سمیت دیگر لیڈران و کارکنان نے شرکت کی۔
محبوبہ مفتی نے پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران ایک بار پھر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’بی جے پی نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔‘‘ بی جے پی لیڈر مشتاق بخاری کی حمایت کے اعلان کی خبروں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ ’’پارلیمنٹ کے لیے صحیح انتخاب کی حمایت کرنا وقت کی ضرورت ہے، کیونکہ پی ڈی پی نے درجہ فہرست قبائلیوں کے لیے بہت کچھ کیا ہے۔ تو ظاہر ہے کہ ایسی آوازیں پی ڈی پی کی حمایت میں آئیں گیں۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ درجہ فہرست قبائلی ذاتوں، گجر بکروال کے لیے ان کی پارٹی خاص کر سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید نے بہت کچھ کیا ہے۔
قبل ازیں محبوبہ مفتی نے کنونشن کے دوران پارٹی ورکران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کا منشور ہر گھر پہنچانے میں اپنا کلیدی رول ادا کریں۔ تاکہ آنے والے انتخابات میں پارٹی بھارتی اکثریت سے جیت درج کر سکے۔ کنونشن میں ڈاکٹر محبوب بیگ، صوفی عبدالغفار، ایڈوکیٹ شیخ جاوید، نجم الثاقب سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی اور عوام سے بھرپور حمایت کی اپیل کی۔
یہ بھی پڑھیں: عمر عبداللہ کے دونوں صاحبزادے اور محبوبہ کی بیٹی چناوی مہم میں کود پڑے - LOK SABHA ELECTION 2024