گاندربل:مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل میں میاں نعمت اللّٰہ ملتانؒي کا عرس عقیدت و احترام سے منایا گیا۔کثیر تعداد میں عقیدت مندوں نے سالانہ عرس مبارک میں شرکت کی۔اس موقع پر خصوصی تقریبات کا بھی اہتمام کیا گیا۔اس کے علاوہ کئی اہم سیاسی رہنماوں اور سماجی کارکنان بھی سالانہ عرس کے موقع پر موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے لار علاقے میں میاں نعمت اللّٰہ ملتانؒي کا عرس پاک 16 اپریل کو منایا جاتا ہے۔ اسی سلسلے میں ضلع گاندر بل میں حضرت میاں نعمت اللّٰہ ملتانؒي کا عرس پاک عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ اس عرس پاک میں مقامی باشندوں کے علاوہ گاندربل ضلع کے مختلف علاقوں سے عقدیت مند حاضری دینے کے مقصد سے درگاہ پہنچے تھے ۔ ساتھ ہی ختمات المعظمات کی مجالس کے علاوہ اس عرس پاک میں ہر سال روایتی طہری کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:شیخ جمال الدین کا عرس عقیدت و احترام سے منایا گیا
عقیدت مندوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے آباء و اجداد کو بھی اس عرس پاک میں شریک ہوکر طہری کا اہتمام کرتے دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عرس صدیوں سے منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر وادی کشمیر سمیت پورے عالم میں امن و امان کے لیے بھی اجتماعی دعا کی گئی۔