اننت ناگ: جموں وکشمیر کے ضلع اننت ناگ پولیس نے ہفتہ کی علی الصبح ضلع کے تھجی وارہ علاقہ میں موجود ایک اینٹ کے بھٹے پر چھاپہ مار کر دیسی شراب بنانے والے گروہ کا پردہ فاش کیا۔ پولیس کے مطابق اینٹ کا بھٹہ تنویر احمد نام کے شخص کا ہے۔
کارروائی کے دوران پولیس کی ٹیم نے جائے وقوع سے بڑی مقدار میں دیسی شراب ضبط کی جب کہ شراب تیار کرنے میں استعمال کیے جانے والے آلات و دیگر اشیاء بھی ضبط کر لی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق اس کاروائی کے دوران 8 افراد کو موقعے پر ہی حراست میں لے لیا گیا ہے اور 13,600 روپے نقد ضبط کر لی گئی۔ پولیس نے اسے شراب کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی قرار دیا ہے۔
مزید پڑھیں: چری لارنو میں جل جیون مشن اسکیم کے تحت پینے کا صاف پانی پہنچایا
متعلقہ قانونی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور پولیس کی جانب سے فی الحال تفتیش جاری ہے۔ عوامی حلقوں میں پولیس کی اس کاروائی کی سراہنا کی جا رہی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن شراب کی غیر قانونی تجارت کے مضر اثرات سے کمیونٹی کو بچانے کے لئے پولیس کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔ لوگوں نے نئی نسل کو نشہ آور اشیا سے دور رکھنے کے لیے اس طرح کے مزید اقدامات پر زور دیا۔