حیدرآباد: دہلی کی سبھی سات لوک سبھا سیٹوں پر 25 مئی کو ووٹنگ ہوگی۔ اس بار دہلی میں انڈیا الائنس کے تحت کانگریس اور عام آدمی پارٹی ایک ساتھ الیکشن لڑ رہے ہیں۔ جمعرات کو کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی نے ایک ویڈیو جاری کرکے دہلی کے لوگوں سے خصوصی اپیل کی ہے۔
ویڈیو پیغام میں سونیا گاندھی نے کہا ’’میرے پیارے دہلی کے لوگو، یہ بہت ہی اہم الیکشن ہے۔ یہ لوک سبھا الیکشن ملک کی جمہوریت اور آئین کو بچانے کا الیکشن ہے۔ یہ الیکشن بے روزگاری، مہنگائی، آئینی اداروں پر حملے جیسے مسائل پر لڑا جا رہا ہے اور آپ کو اس لڑائی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔"
کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی نے دہلی کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ راجدھانی کی لوک سبھا سیٹوں پر انڈیا الائنس کے امیدواروں کو ووٹ دے کر انہیں بڑے مارجن سے کامیاب بنائیں۔
سونیا گاندھی نے جمعرات کو کانگریس کی طرف سے شیئر کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں دہلی کے باشندوں سے کہا، ''آپ کا ہر ووٹ روزگار کے مواقع پیدا کرے گا، مہنگائی کو کم کرے گا، خواتین کو بااختیار بنائے گا اور ایک ایسے بھارت کی تعمیر کرے گا جس میں سب کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔ اس لیے میں آپ سے اپیل کرتی ہوں کہ دہلی کی ساتوں سیٹوں پر کانگریس اور انڈیا اتحاد کے امیدواروں کو بھاری مارجن سے کامیاب کرائیں۔
واضح رہے کہ لوک سبھا انتخابات کے چھٹے مرحلے میں آٹھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی کل 57 لوک سبھا سیٹوں پر ووٹنگ ہونی ہے۔ ان میں دہلی کی سات لوک سبھا سیٹیں بھی شامل ہیں۔ کانگریس نے دہلی کی سات میں سے تین سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں، جب کہ چار سیٹوں پر عام آدمی پارٹی کے امیدوار میدان میں ہیں۔