مرادآباد: اترپردیش کےسنبھل لوک سبھا سیٹ سے سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ شفیق الرحمان برق کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سوگوار آنکھوں کے ساتھ حسن پور روڈ پر واقع قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔مرحوم کا طویل علالت کے بعد منگل کو انتقال ہوگیا تھا۔ وہ 94برس کے تھے۔
رکن پارلیمان کی میت کی آخری دیدار کے لئے عوام کا جم غفیر امڈپڑا۔مرحوم کی میت کو صغیر پیلس میں آخری دیدار کے لئے رکھا گیا تھا۔ تدفین سے قبل مرحوم کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ گارڈ آف آنر دیا گیا۔ ڈاکٹر شفیق الرحمان کے جنازہ میں نم آنکھوں کے ساتھ ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
چودھری چرن سنگھ سے سیاست سیکھنے کے بعد اپنے سیاسی سفر کا آغاز کرنے والے ڈاکٹر شفیق الرحمان برق کی پہچان ایک بیباک مسلم لیڈر کے طور پر ہوتی تھی۔ لوک سبھا میں وندے ماترم کی مخالفت ہو یا بابری ایکشن کمیٹی کے کنوینر کے طو ر پر رام مندر معاملہ، عالمی سطح پر اسرائیل اور فلسطین میں جنگ کے حالات پر ان کا بے باک موقف، مرحوم کو سیاسی تلخ تیوروں کے لئے جانا جاتا تھا۔مرحوم ایم پی کے کنبے میں ایک بیٹا، پوتا اور پوتی ہے۔ پوتا ضیاء الرحمان برق کندرکی اسمبلی سیٹ سے ایم ایل اے ہیں۔
ملحوظ رہے کہ مرحوم برق مرادآباد واقع ایک پرائیویٹ اسپتال میں زیر علاج تھے۔ ملٹی پل آرگن فیل ہوجانے کی وجہ سے انہیں پیر کو دقت ہوئی تھی۔ منگل کو انہیں صبح آئی سی یو میں بھرتی کرایا گیاتھا۔ جہاں انہوں نے آخری سانس لی۔ ان کے انتقال سے نہ صرف سماج وادی تحریک کو دھکا لگا ہے بلکہ ایک بے باک آواز ہمیشہ کے لئے خاموش ہوگئی۔
لائم سنگھ یادو کے وزیر اعلی رہتے ہوئے ڈاکٹر برق حکومت کو ہوم گارڈ وزیر بنایا گیا تھا۔ چار بار کے ایم ایل اے اور پانچ بار کے ایم پی رہنے والے ڈاکٹر برقی1974 میں سنبھل اسمبلی سیٹ سے بھارتیہ کرانتی دل سے ایم ایل اے منتخب ہوئے تھے۔ اس کے بعدسال 1977 میں جنتا پارٹی اور 1985 میں لوک دل، 1989 میں جنتا دل سے ایم ایل اے بنے تھے۔ جنتا دل کے ٹکٹ پر سال 1996 میں مرادآباد لوک سبھا سیٹ سے پہلے بار ایم پی منتخب ہوئے تھے۔
سال 1998 میں بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی)، سماج وادی پارٹی(ایس پی) اور راشٹریہ لوک دل(آر ایل ڈی) کے اتحادی امیدوار کے طور پر پانچویں بارجیت حاصل کر کے ایم پی منتخب ہوئے تھے۔اس طرح چار بار کے ایم ایل اے اور پانچ بار کے ایم پی کے طور پر ڈاکٹر شفیق الرحمان برق کا سیاسی سفر آخری سانس تک جاررہا ۔
ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے حال ہی میں اسپتال پہنچ کر ڈاکٹر برق کی عیادت کی تھی۔ آئندہ لوک سبھا الیکشن میں ڈاکٹر برق کو سنبھل سیٹ سے اپنا امیدوار بنایا تھا۔ الیکشن سے پہلے ڈاکٹر شفیق الرحمان برق کے انتقال سے سماج وادی پارٹی(ایس پی) اور اکھلیش یادو کو جہاں بڑا جھٹکا لگا ہے۔ وہیں وزیراعظم نریندر مودی، صدرجمہوریہ، نائب صدرجمہوریہ، وزیراعلیٰ اترپردیش ، گورنر اترپردیش ،ایس پی سربراہ اکھلیش یادو، بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے مرحوم کے انتقال پر دکھ کا اظہارکیاہے
یہ بھی پڑھیں: سیاست میں ڈاکٹر شفیق الرحمان برق کی منفرد شناخت