نئی دہلی: ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی راجیہ سبھا کی رکن ساگریکا گھوش نے دعویٰ کیا ہے کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اتوار کو وزیر اعظم کے طور پر نریندر مودی کی حلف برداری کے دوران اپنے کمرے کی تمام لائٹیں بند کر دیں اور مکمل اندھیرے میں بیٹھی رہیں۔ اس سے قبل ممتا بنرجی نے مودی کی حلف کی تقریب میں شرکت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
ساگریکا گھوش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ''نریندر مودی کی حلف برداری تقریب کا جشن منا رہے سبھی لوگوں کو بھارت کی واحد خاتون وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا پیغام۔ انہوں نے اپنے کمرے کی تمام لائٹس بند کر دیں اور پوری 'نام نہاد تقریب' کے دوران وہ اندھیرے میں بیٹھی رہیں، ایک ایسے وزیر اعظم کے لیے جو مینڈیٹ کھو چکے ہیں اور جنہیں عوام نے مسترد کر دیا ہے۔ وہ وارانسی میں تقریباً ہار گئے، ایودھیا میں ہار گئے، پوری طرح سے خود کو فوکس میں رکھ کر مہم چلانے کے باوجود اکثریت حاصل نہ کر سکے۔ مودی کو بدلنا چاہیے اور بی جے پی کو نیا لیڈر چننا چاہیے۔''
- بی جے پی کا طنز
وہیں بی جے پی نے اس پر ٹی ایم سی سربراہ کو آڑے ہاتھوں لیا۔ بی جے پی لیڈر سکنت مجمدار نے میڈیا اہلکاروں کو بتایا کہ ''آپ کو یہ معلوم کرنا چاہیے کہ وزیر اعلیٰ نے جب لائٹس بند کیں تو کیا ان کے اہل خانہ میں سے کسی نے انہیں پیچھے سے دھکا دیا تھا۔ لائٹس بند کرنا ان کے لیے محفوظ نہیں ہے۔ انہیں ہمیشہ لائٹ آن رکھنی چاہیے۔ اگر کوئی انہیں پیچھے سے دھکیل کر کسی اور کو اگلا وزیر اعلیٰ بنا دے تو مسئلہ ہوگا۔''
- ممتا کا پی ایم مودی کو مبارکباد دینے سے انکار
اس سے قبل ممتا بنرجی نے دعویٰ کیا تھا کہ مرکز کی نئی حکومت غیر جمہوری، غیر آئینی اور غیر قانونی طریقے سے تشکیل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ حلف برداری تقریب میں شرکت نہیں کریں گی۔ انہوں نے مودی کو مبارکباد دینے سے بھی انکار کر دیا تھا۔ ہفتہ کو کولکاتا میں اپنی پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ سے ملاقات کے بعد بنرجی نے کہا کہ 'مجھے افسوس ہے کہ میں غیر جمہوری، غیر آئینی اور غیر قانونی طریقے سے بننے والی حکومت کو اپنی نیک خواہشات نہیں پہنچا سکوں گی۔ میری نیک تمنائیں ملک کے لوگوں کے لیے ہوں گی، جنہوں نے ان کے حق میں ووٹ نہیں دیا۔'
- مستقبل میں انڈیا اتحاد کی حکومت بنانے کا اشارہ
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ نے اشارہ دیا کہ انڈیا اتحاد مستقبل میں حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ 'یہ مت سوچیں کہ اگر انڈیا اتحاد آج (حکومت بنانے کا) دعویٰ نہیں کر رہا ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ کل ایسا نہیں کرے گا۔ ہم انتظار کر رہے ہیں اور دیکھ رہے ہیں۔ ہمیں موقع کا انتظار کرنا چاہیے۔ ملک میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ مودی کو کوئی نہیں چاہتا۔'
مزید پڑھیں: مودی کابینہ میں وزارت کی تقسیم، جانیے کس کو کیا ملا؟
ایک سال بعد بھی منی پور میں امن نہیں، صورت حال کو فوراً ٹھیک کریں: موہن بھاگوت